مانچسٹر،کرک اگین رپورٹ
کرک اگین نے کل مانچسٹر ٹیسٹ کے پہلے روز کے کھیل کی رپورٹ کےانٹرو میں لکھا تھا کہ انگلش بورڈ،ٹیم،میڈیا کی کہانیوں نے پروٹیز کو گھیرلیا۔جنوبی افریقا ٹریپ میں آیا۔2 اسپنرز کھلائے،ساتھ میں ٹاس جیت کر پہلے بلےبازی کا اعلان کردیا۔نتیجہ میں اس کی اننگ 151 پر تمام ہوئی تھی،یہ بھی لکھا تھا کہ انگلینڈ نے پہلے ہی روز میچ کا نتیجہ لےلیا ہے۔
یہ بات کھیل کے دوسرے روز اس وقت درست ثابت ہوئی،جب انگلش بیٹرز نے دوسرے روز ابتدائی 5 وکٹیں جلد کھونے کے باوجود کمان اپنے ہاتھ میں رکھی۔کپتان بین سٹوکس اور بین فوکس کی سنچریز نے انگلینڈ کو اننگ ڈکلیئر کرنے پر آمادہ کیا۔
جمعہ کو انگلینڈ نے 111 رنز 3 وکٹ سے اننگ شروع کی تو 147 تک جاتے جاتے جونی بیئرسٹو کو 49 اور زک کرولی کو38 کے انفرادی اسکورپرکھودیا۔آدھی ٹیم باہر ہونے کے بعد بین سٹوکس نے ایک بار پر قائدانہ اننگ کھیلی۔ان کا ساتھ بین فوکس نے دیا۔دونوں نے چھٹی وکٹ پر 173 اسکور کا اضافہ کرکے پروٹیز کی خوش فہمیاں دور کردیں۔بین سٹوکس 103 پر گئے تو بین فوکس کو ٹیل اینڈرز سے اتنا ساتھ ملا کہ وہ سنچری بھی مکمل کرگئے،اپنی ٹیم کا اسکور 400 سےا وپر لے گئے۔ انگلینڈ نے دن کے اختتامی لمحات میں 415 رنز 9 وکٹ پر ڈکلیئر کی۔بین فوکس 113 پر ناٹ آئوٹ آئے۔اس طرح انگلش ٹیم کو 264 رنزکی بڑی برتری ملی۔
اینرچ نورتج نے 82 رنز دے کر 3 اور ربادا نے110 رنزکے عوض 2 وکٹیں لیں۔جمعہ کو جب دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقا کا دوسری اننگ میں 23 اسکور ہوا تھا،اسے اننگ کی شکست سے بچنے کے لئےمزید 241 رنز کی ضرورت تھی۔تمام 10 وکٹیں باقی تھیں۔
پروٹیز کی شکست پاکستان کی امیدیں جگانے کے لئے ضروری ہے۔جنوبی افریقا ہارے تو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کو فائدہ ہوگا۔پہلے بھی لارڈز میں جنوبی افریقا کی فتح سے پاکستان سمیت متعدد امیدواروں کو جھٹکا لگا تھا۔
انگلینڈ کا پروٹیز کا دہرا شکار،مانچسٹرٹیسٹ کا پہلا روزہی فیصلہ سناگیا