کراچی،15 اگست 2022ء،پی سی بی میڈیا ریلیز
کراچی میں جاری نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ کے چوتھے راؤنڈ کے پہلے دن کا کھیل مکمل ہوگیا۔
ایچ پی سی گراؤنڈ میں سندھ انڈر 19 وائٹس کے ثقلین نواز نے چھ وکٹیں لے کر سنٹرل پنجاب انڈر 19 وائٹس کو 140 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے منیب واصف 29 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر ہیں۔
جواب میں سندھ انڈر 19 وائٹس نے دن کے اختتام پر 31 اوورز میں 7 وکٹوں پر 94 بنالیے ہیں۔
اُدھر راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی میں، بلوچستان انڈر 19 بلیوز خیبر پختونخوا بلیوز کے خلاف 43 ویں اوور میں 95 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اوپننگ بلے باز باسط علی نے 88 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سب سے زیادہ 42 رنز بنائے۔
بائیں ہاتھ کے اسپنر محمد زبیر نے 36 کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد شعیب نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
دن کے اختتام پر خیبرپختونخوا انڈر 19 بلیوز نے 10 اوورز میں تین وکٹ پر 58 رنز بنالیے ہیں۔ تینوں وکٹیں عدنان اقبال نے 19 رنز کے عوض حاصل کیں۔
دوسری جانب این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں، ، ناردرن انڈر 19 بلیوز نے 18.2 اوورز میں تین وکٹ پر 54 رنز بنائے تھے جب بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔
کے سی سی اے گراؤنڈ میں بلوچستان انڈر 19 وائٹس اور خیبر پختونخوا انڈر 19 وائٹس کے درمیان صرف 11 اوورز کا کھیل ہو سکا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بلوچستان انڈر 19 وائٹس نے تین وکٹوں کے نقصان پر 18 رنز بنالیے ہیں ۔ تینوں وکٹیں دائیں ہاتھ کے آف اسپنر محمد طاہر کے حصے میں آئیں ۔