راولپنڈی،پی سی بی پریس ریلیز
نیشنل ٹی 20 کپ میں دفاعی چیمپئن کا دھماکے دار آغاز،دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا نے نیشنل ٹی ٹونٹی کے اٹھارویں ایڈیشن کا کامیاب آغاز کیاہے۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں فاتح ٹیم نے ہوم سٹی سینٹرل پنجاب کو 36 رنز سے شکست دے دی ہے۔188 رنز کے تعاقب میں ہوم سٹی سینٹرل پنجاب کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز ہی بناسکی۔فاتح ٹیم کے کپتان محمد رضوان کو نصف سنچری اسکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب کی اننگز کا آغاز متاثرکن نہ رہا اور اس کے دونوں اوپنرز 45 کے مجموعے پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ کامران اکمل 3 اور کپتان بابراعظم 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اوپنر احمد شہزاد نے تیسری وکٹ کے لیے نوجوان بیٹر محمد اخلاق کے ہمراہ 26 رنز جوڑے۔ احمد شہزاد 4 چوکوں کی بدولت 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم دوسرے اینڈ سے محمد اخلاق نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ انہوں نے 35 گیندوں پر 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر سینٹرل پنجاب کے فینز کو فتح کی امید دلائی تاہم سینٹرل پنجاب کا کوئی بھی دوسرا بیٹر انہیں زیادہ اسپورٹ فراہم نہ کرسکا۔اس دوران فہیم اشرف 6، حسین طلعت اور عثمان قادر 2، 2 جبکہ وہاب ریاض اور احمد صفی عبداللہ ایک ایک اسکور بناکر آؤٹ ہوئے۔
شاہین شاہ آفریدی نے 25 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ارشد اقبال ، عمران خان سینئر اور محمد وسیم جونیئر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل خیبرپختونخوا نے سینٹرل پنجاب کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز اسکور کیے۔کپتان محمد رضوان 65 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ انہوں نے فخر زمان کے ہمراہ 67 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔دونوں کھلاڑیوں نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور وہاب ریاض، حسن علی، وقاص مقصود اور فہیم اشرف پر مشتمل سینٹرل پنجاب کی مضبوط فاسٹ باؤلنگ لائن اپ کے خلاف دس کی اوسط سے رنز بنائے۔فخر زمان 3 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کپتان محمد رضوان نے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 40 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی۔
اُدھر عادل امین 18 اور صاحبزادہ فرحان 12 رنز بناکر پویلین واپس لوٹےتو تجربہ کار بیٹر افتخار احمد نے خیبرپختونخوا کی کمان سنبھالی اور 25 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 40 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کا مجموعہ 180 کے پار پہنچا دیا۔ اس دوران محمد وسیم جونیئر بھی ایک چھکا لگا کر 11 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔مصدق احمد کھاتہ کھولے بغیر حسن علی کا شکار بن گئے۔سینٹرل پنجاب کے حسن علی نے 30 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ احمد صفی عبداللہ اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔