ٰImage By PCB
راولپنڈی،پی سی بی میڈیا ریلیز
نیشنل ٹی20 کے چوتھے میچ میں ہوم سٹی سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کو دو وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ میچ میں دو وکٹیں حاصل کرنے اور اختتامی لمحات میں 8 گیندوں پر 20 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلنے پر وہاب ریاض کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔کپتان بابر اعظم کی نصف سنچری اور عثمان قادر کے چار شکار کا بھی فاتح ٹیم کی جیت میں اہم کردار رہا۔
سینٹرل پنجاب نے 143 رنز کا ہدف انیس اوورز میں حاصل کرلیا۔ کپتان بابر اعظم نے 65 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ 45 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔انہوں نے تیسری وکٹ کے لیے ان فارم محمد اخلاق کے ہمراہ 55 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد اخلاق 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا شامل تھا۔ان دونوں بیٹرز کے آؤٹ ہونے کے بعد سینٹرل پنجاب کی بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا گئی اور 120 رنز پر آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ کامران اکمل 1، احمد شہزاد 4، فہیم اشرف 2 ، حسین طلعت 5 ، احمد صفی عبداللہ 2 اور حسن علی 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس موقع پر وہاب ریاض نے اننگز کے انیسویں اوور میں جنید خان کو دو چھکے اور ایک چوکا لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ وہاب ریاض نے 8 گیندوں پر 20 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ عثمان قادر تین رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔بلوچستان کے جنید خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ کاشف بھٹی اور عاکف جاوید نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت نہ ہوسکا۔ سینٹرل پنجاب کے لیگ اسپنر عثمان قادر کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے بلوچستان کا کوئی بھی بیٹر لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ لیگ اسپنر نے 25 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ٹیل اینڈرز عمید آصف تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 32 اور کاشف بھٹی دو چھکوں اور دو چوکوں کی بدولت27 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔بلوچستان نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے۔ وہاب ریاض نے دو اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔