کرک اگین تجزیاتی رپورٹ
ایک جانب ٹی 20 ورلڈ کپ کے وارم اپ،پہلے مرحلے کے میچز جاری ہیں ،دوسری طرف ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے وہ حاصل کرلیا ہے،پاکستان کا جس سے وعدہ تھا،پاکستان سے تو وعدہ خلافی کی گئی ہے لیکن انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو کنفرمیشن رسید جاری کردی ہے۔
اگلے سال کے شروع میں انگلش ٹیم ویسٹ انڈیز کا مکمل دورہ کرنے جارہی ہے، مزے کی بات یہ ہے کہ یہ دورہ 2 قسطوں میں ہوگا۔جہاں 3 ٹیسٹ میچز کے ساتھ 5 ٹی 20 میچز کا خوبصورت تحفہ شامل ہے۔ٹی 20 میچزکی تعداد میں اضافہ گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کے دورہ انگلینڈ کا انعام ہے جو کووڈ کے دنوں میں اس نے کیا تھا،ساتھ میں ملین ڈالرز امداد بھی ہتھیالی تھی،پاکستان نے بھی اس کے فوری بعد دورہ کیا تھا،اس سے اس سال اسی ماہ کے ٹور کا وعدہ کیا گیا تھا جو بری طرح روند دیا گیا۔
کیویز کی خوش فہمی دور،کینگروز نے دبوچ لیا
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے فخریہ انداز میں اعلان کیا ہے کہ انگلش ٹیم 3 ماہ بعد ویسٹ انڈیز آرہی ہے،بوتھم،رچرڈ ٹیسٹ سیریز کے 3 میچز رکھے گئے ہیں،ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے کے یہ مقابلے انٹیگا،بارباڈوس اور گرینا ڈا میں ہونگے۔ٹیسٹ میچز8 مارچ ،16 اور 24 مارچ کو شروع ہونگے۔
دورے کے پہلے مرحلےکا آغاز 5 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ سے ہوگا جو بارباڈوس میں کھیلا جائے گا،تمام 5 میچز اسی گرائونڈ میں ہونگے،انگلش ٹیم 15 سے 16 جنوری 2022 کو بارباڈوس پہنچھے گی،اس سے چند روز قبل اس کا آسٹریلیا میں ایشز سیریز کا 5 واں ٹیسٹ میچ ختم ہوگا۔ٹی 20 سیریز اور ٹیسٹ سیریز میں ایک ماہ کا وقفہ شامل ہے،اس طرح انگلش ٹیم 2 بار ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی۔
ایک جانب انگلینڈ کا یہ حال ہے تو دوسری طرف ویسٹ انڈیز نے پاکستان کا دورہ اسی سال 2 ماہ سے بھی کم وقت میں دسمبر میں کرنا ہے،جنوری اور مارچ 2022 کے میچز کی تاریخیں جاری کرنے والے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے پاکستانی دورے کے شیڈول کی تصدیق تاحال نہیں کی ہے۔