Image Source : Reuters
دبئی،کرک اگین رپورٹ
ویسٹ انڈیز کے شہرہ آفاق بیٹسمین کرس گیل نے آئی پی ایل 2021 چھوڑدی۔متحدہ عرب امارات میں موجود لیفٹ ہینڈ بیٹسمین نے یہ فیصلہ اچانک کیا ہے اور اس کا اطلاق بھی فوری ہوگا،یہی نہیں بلکہ انہوں نے آئی پی ایل بائیو سیکیور ببل بھی چھوڑ دیا ہے۔
کرس گیل نے آئی پی ایل کیوں چھوڑی،اپنی ٹیم پنجاب کنگز کا کیمپ کیوں الوداع کہا۔اس بارے میں دلچسپ بیان سامنے آیا ہے۔کرس گیل کی جانب سے یہ موقف سامنے آیا ہےکہ مسلسل بائیو سیکیور لائف سے میں تھک گیا ہوں۔آئی پی ایل سے قبل اپنے ملک کی سی پی ایل کے لئے ببل میں تھا۔اس طرح طویل سختیوں کی وجہ سے میں ذہنی طور پر آرام چاہتا ہوں تاکہ چند روز بعد شروع ہونے والے ورلڈ ٹی 20 کپ میں اپنے ملک کی نمائندگی فریش مائنڈ کے ساتھ کرسکوں۔
آئی پی ایل 2021 میں پنجاب کنگز کے حالات خاصے خراب ہیں۔اب تک کے11 میچزمیں اس کے 8 پوائنٹس ہیں لیکن اس کے فائنل 4 میں جانے کے امکانات معدوم نہیں ہوئے ہیں کیونکہ اگلے 3 میچز جیتنے اور ٹاپ 4 میں سے کسی کے مسلسل ہارنے سے اس کا راستہ نکل سکتا ہے۔اس کے باوجود گیل ہمت ہارگئے ہیں۔
ورلڈ ٹی 20 کا آغاز 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات میں ہی ہونا ہے لیکن ویسٹ انڈیز کی مہم بھی دوسرے مرحلے سے شروع ہوگی جب سپر 12 میچزکا آغاز ہوگا۔