مسقط،کرک اگین رپورٹ
ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیشی عوام کا خون خشک کرکے ٹائیگرز جیت گئے،رکاوٹ ابھی بھی باقی ہے۔آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کپ 2021 کا پہلا مرحلہ ہی سنسنی خیز بن گیا۔ٹیسٹ درجہ رکھنے والی ایک بڑی اور ممتاز ٹیم جب اپنی بقا کی جنگ لڑتی دکھائی دی تو ایسا لگا کہ جیسے میگا ایونٹ کا سیمی فائنل چل رہا ہو۔دنیا کے لئے یہ کوئی ناک آئوٹ میچ ہو نہ ہو،پورے بنگلہ دیش اور دنیا بھر میں رہنے والے بنگلہ دیشی فینز اور لوگوں کے لئے پہلے مرحلہ بلکہ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کا فائنل ہی تھا۔بنگلہ دیش 27 رنز سے جیت کر اگلے مرحلہ کا امیدوار بدستور ہے۔
عمان نے 154 رنزکے ہدف کا تعاقب جس اعتماد سے کیا،اس سے بنگلہ دیشی کیمپ میں سنسنی کی لہر دوڑ چکی تھی۔13 کے مجموعہ پر عاقب الیاس کے 6 پر جانے کے باوجود میزبان ٹیم دبائو میں نہیں آئی۔اس کے ہٹرزجتندر سنگھ اور کیشاپ پرجاپتی نے اسکور47 تک پہنچادیا،ابھی 5 اوورز کا کھیل ہی ہوا تھا۔یہاں کیشاپ 21 رنزبناکر مستفیض کا شکار بنے،بنگلہ دیشی فیلڈرز سے بھی متعدد کیچز ڈراپ ہوئے،یہ حساب تو یوں برابر ہوا کہ عمانی فیلڈرز بھی 2 اہم کیچز چھوڑ کر اتنا اسکور بنواگئے تھے۔
بنگلہ دیش کو تیسری کامیابی 81 کے اسکور پر ملی جب کپتان ذیشان مقصود12 رنزبناکر مہدی حسن کے ہاتھوں مستفیض الرحمان کو کیچ دے گئے۔ٹائیگرز کو بڑی کامیابی90 کے اسکور پر حاصل ہوگئی جب سیٹ ہٹر جتندر سنگھ کی اننگ کاخاتمہ ہوا۔33 بالز پر 40 کی اننگ کھیلنے والے جتندر نے 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔13 اوورز کا کھیل مکمل ہوچکا تھا۔42 بالز پر 64 رنز بنانے تھے،یہاں تجربہ کی ضرورت تھی جو عمانی ٹیم کے پاس نہ تھا،چنانچہبنگلہ دیشی گیند بازوں نے اگلی 15 بالز میں صرف 11 رنز دے کر 5 ویں کامیانی بھی حاصل کرلی۔101 کے اسکور پرسندیپ گود بھی 4 رنزبناکر چلتے بنے،انہوں نے8 بالیں ضائع کیں۔
انگلینڈ کا بھی ورلڈ ٹی 20 کپ میں احتجاج کا اعلان،آئی سی سی خاموش،باقی ٹیموں کا انتظار
آخری 24 بالز پر 50 اسکور مشکل لگ رہا تھا۔اسی وجہ سے دبائو بڑھا تو عمان کیمپ مزید ڈپریشن کا شکار ہوگیا۔اوپر تلے مزید 2 وکٹیں گنوادیں۔شکیب الحسن نے مسلسل 2 بالز پر 2 آئوٹ کئے۔17 اوورز میں 107پھر پر7 وکٹ گرچکے تھے اور بنگلہ دیش محفوظ ہورہا تھا۔
بنگلہ دیشی گیند بازوں نے مزید 2 آئوٹ کر کے اپنی جیت یقینی بنائی،ساتھ میں گرائونڈ میں موجود بنگلہ دیشی فینز کو خوشیاں واپس دیں،اپنے ملک کی عوام کے خشک خون کو پھر سے رواں کیا۔اومان ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 127 تک محدود رہی۔بنگلہ دیش نے 27 رنز سےمیدان مارا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان بڑا فرق بنے،پیسر نے 4 اوورز میں36 رنز کے ساتھ 4 وکٹیں لیں جبکہ شکیب الحسن بھی اپنی آل رائونڈ جادوگری سے پیچھے نہ ہٹے۔42 اسکور کرنے والے اسپنر نے 28 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں۔
اس سے قبل بنگلہ دیشی کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔شکیب الحسن کے 42 اور محمد نعین کے 64 رنزکی مدد سے بنگلہ دیشی ٹیم وننگ اسکور کرنے میں کامیاب ہوئی۔پوری ٹیم 20 اوورز کھیل کر 153 پر ڈھیر ہوئی۔بلال خان 18 اور فیاض بٹ 30 رنز دے کر 3،3 وکٹ کے ساتھ کامیاب بائولر رہے۔
ورلڈ ٹی 20 کپ پہلے مرحلہ میں گروپ بی میں سکاٹ لینڈ ٹیم 2 میچز جیت کر سپر 12 میں کوالیفائی کرچکی ہے۔بنگلہ دیش نے اس کامیابی کے بعد اپنی راہ ہموار کی ہے۔اس کے اور اومان کے اب 2،2 پوائنٹس ہیں۔آخری میچز میں عمان کا ٹاکرا سکاٹ لینڈ اور بنگلہ دیش کا پاپا نیو جینی سے ہوگا۔عمان ہارنے اور بنگلہ دیش جیتنے کی صورت میں بنگلہ دیش آگے جائے گا۔دونوں ٹیمیں جیت گئیں تو فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔دونوں میں سے جو ٹیم ہاری وہ باہر ہوجائے گی ۔