کراچی،کرک اگین رپورٹ
ورلڈکپ،بھارت جانے کیلئے مصباح الحق کا اہم پیغام
پاکستان کی بھارت روانگی اور آئی سی سی ورلڈ کپ میں شمولیت کیلئے تسلسل کے ساتھ سابق ٹیسٹ کرکٹرز کی مدد سے رائے ہموار کی جارہی ہے۔شاہد خان آفریدی کے بعد سابق کپتان مصباح الحق نے بھی بھارت میں جانے کے حق میں بیان دے دیا ہے۔یہ سب موجودہ حکومت کیلئے اس لئے بھی ضروری ہے کہ انتخابات کے سال میں وہ عزت کے نام پر بھارت سے مار کھانے کے عوامی غضب سے بچیں۔بھارت ایشیا کپ کے لئے پاکستان نہیں آرہا لیکن پاکستان جائے تو سبکی تو ہے۔
کراچی میں ایک تقریب میں مصباح نے کہا کہ جب دونوں ممالک کے درمیان دوسرے کھیلوں میں رابطے ہوسکتے ہیں تو کرکٹ میں کیوں نہیں۔ کرکٹ کو سیاسی تعلقات سے کیوں جوڑا جائے؟ لوگوں کو اپنی ٹیموں کو ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے دیکھنے کے موقع سے محروم کرنا ناانصافی ہے۔یہ ان شائقین کے ساتھ بڑی ناانصافی ہے جو پاکستان اور ہندوستانی کرکٹ کو بہت زیادہ فالو کرتے ہیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے ون ڈے ورلڈ کپ کے دورے پر ملاقات کے لیے ہائی پروفائل کمیٹی قائم کر دی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حال ہی میں آئی سی سی اور بی سی سی آئی کو آگاہ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کی وجہ سے رواں سال اکتوبر نومبر میں ہونے والے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت حکومتی منظوری سے مشروط ہے۔