لاہور،کرک اگین رپورٹ
نیوزی لینڈ جیت کے قریب آکر پھسل گیا،ایک ساتھ 2 رن آئوٹ،پاکستان نے میچ بچالیا،عزت پھر نہ رہی۔پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف حادثاتی بنیاد پر جیت گئی۔کیویز کی چوتھے درجہ کی ٹیم نے پاکستان کی فل سٹرینتھ کو پہلے 178 رنز تک محدود کیا،اس کے بعد جوابی اننگ میں 8 اوورز میں 1 وکٹ پر 81 رنزکرکے 85 فیصد میچ جیت لیا تھا،یہاں بلیک کیپس کی ناتجربہ کاری،جلد بازی سے پینک بٹن دب گیا اور اوپر تلے وکٹیں گنواکر پاکستان کو جیت کی راہ دکھلادی۔پھر بھی کلارکسن نے زبردست جدوجہد کی لیکن آخری اوور میں حماقت سے 2 رن آئوٹ ہوگئے اور وہ میچ ہارگئے۔
پاکستان کی صف اول ٹیم نیوزی لینڈ کی سی کلاس ٹیم کے خلاف بھی 5 میچزکی ٹی 20 سیریز جیتنے میں ناکام ہوگئی ہے اور یوں یہ یہ سیریز 2-2 سے برابری پر تمام ہوئی۔ایک میچ بارش کی نذر ہوا تھا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایک بار پھر بابر اعظم ٹاس ہارے،پہلے بیٹنگ کرنی پڑی،خود تو کیریئر کی 34 ویں ہاف سنچری کرگئے۔صائم ایوب ایک،عثمان خان 31،فخرزمان 43 اورشاداب خان 15 کرسکے۔پاکستانی کپتان 44 بالز پر 69 رنزبناکر گئے،انہوں نے2 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔
بابر اعظم ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ویرات کوہلی اور روہت شرماسے آگے نکلنے کے قریب
جواب میں نیوزی لینڈ جو ایک موقع پر 1 وکٹ پر 81 اسکور پر تھا اور مطمئن تھا۔اسامہ میر اور شاداب خان کے اٹیک میں شاہین آفریدی کی فائرنگ کی زد میں آگیا،اس میں بھی کیویز کی جلد بازی نمایاں تھی۔ٹم سیفرٹ 52 اورٹام بلنڈل4،مارک چیپ مین 12 اور بریسویل 23 کرگئے۔جمی نیشام 16 پر ہمت ہارگئے لیکن جوش کلارکسن نے دیا جلائے رکھا،انہوں نے شاہین اور عباس سب کا مقابلہ کیا۔آخری 2 اوورز میں 22 رنز تھے کہ ایک اور چھکا لگاکر 10 بالز پر 15ہدف کردیا۔
آخری اوور میں کیویز کو جیت کیلئے 12 رنز درکار تھے۔کلارکسن ایک رن آئوٹ کرواکرسامنے تھے۔کیویز کو 11 رنز6 بالز پر درکار تھے ،پاکستان کو ایک وکٹ چاہئے تھی۔کیویز بیٹرز پھر گھبراگئے،ایک بار پھر سنگل کو ڈبل کے چکر میں ایک اور رن آئوٹ ہوگیا۔4 بالیں قبل کیوی ٹیم 169 رنزپر آئوٹ ہوگئی اور پاکستان 9 رنز سے جیت گیا۔کلارکسن 38 پر ناقابل شکست لوٹے۔شاہین آفریدی نے 30 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔عامر کو 41 رنزکی مار پڑی،کوئی وکٹ نہ ملی۔اسامہ میر نے 21 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔