کولمبو۔کرک اگین رپورٹ۔مسلسل چوتھا اتوار،پاکستان بھارت کے سامنے ناکام،اس بار خواتین ٹیم کو ورلڈکپ میں شکست۔کرکٹ بریکنگ نیوز یہ ہے کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم تاریخ نہ بدل سکی۔بھارت نے کرکٹ میدانوں میں مسلسل چوتھے اتوار پاکستان کو دھول چٹادی ہے۔3 بار مردوں کی ٹیم نے ایشیا کپ میں پاکستان کو مات دی اور آج اتوار 5 اکتوبر 2025 کو آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے ایک میچ میں بھارتی خواتین نے پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کو 88 رنزکی بڑی شکست دی۔سدرہ امین کی بڑی اننگ اس لئے رائیگاں گئی کہ کوئی اور جم کر بیٹنگ کیلئے تیار ہی نہ تھا۔
کولمبو کے پریمادا سا کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ابر آلود موسم اور تیز ہوائوں نے پاکستانی بائولنگ لائن کو اضافی مدد دی،جس سے بھارت پاکستان کے خلاف پورے 50 اوورز کی اننگ میں کھل کر کہیں نہ کھیل سکا۔ایک موقع پر تو اس کی 7 وکٹیں 203 پر باہر تھیں لیکن پھر بھی پورے 50 اوورز کھیل کر 247 رنزبناکر آئوٹ ہوئی۔ہرلین ڈیول نے 46 اور رچا گوچ نے 35 رنزبنائے۔بھارت کی کوئی بیٹر ہاف سنچری نہ کرسکی اور پاکستان کی ڈیانا بیگ نے 69 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔سدرہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے 2،2 وکٹیں لیں۔
جواب میں پاکستان نے 26 پر 3 وکٹ گنوادیئے،جس سے دبائو بڑھا۔منیبہ علی 2،شمس صدف 6 اورعالیہ ریاض بھی 2 ہی کرسکیں۔سدرہ امین کو نتالیہ پرویز نے رک کر مدد دی تو پاکستان کا سکور 3 وکٹ پر 95 ہوا۔یہاں نتالیہ 33 رنزبناکر گئیں تو پھر لائن لگ گئی۔کپتان فاطمہ ثنا صرف 2 رنزبنا سکیں۔سدرہ نواز نے 14 رنز سے مزاحمت کی لیکن ان کے جانے کے بعد سدرہ امین کی ہمت بھی جواب دے گئی۔وہ 106 بالز پر 81 رنز بناکر آئوٹ ہوگئیں۔اس کے بعد پاکستان کی پوری ٹیم 43 اوورز میں 159 رنزبناکر پویلین لوٹ گئی۔ بھارت نے 88 رنزکی قابل قدر جیت اپنے نام کی ہے۔بھارت کی جانب سے کرانتی نے 10 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر 3 اور ڈپٹی شرما نے 9 اوورز میں 45 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں۔
ایک روزہ کرکٹ میں یہ پاکستان کی بھارت کے خلاف 12 ویں شکست اور ورلڈکپ میں 5 ویں ناکامی ہے۔پاکستانی ویمنز ٹیم بھارت سے اب تک ایک ون ڈے میچ بھی نہیں جیتی ہے۔ایک بات ضرور ہوئی کہ پاکستان نے پہلی بار کسی ون ڈے میچ میں بھارت کو آل آئوٹ کیا۔کرانتی کو پلیئر آف دی میچ دیا گیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی بھارت پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آگیا۔
