ممبئی۔کرک اگین رپورٹ۔بھارت پہلی بار آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کا چیمپئن بن گیا۔جنوبی افریقا کی خواتین کرکٹ ٹیم مردوں کی شکست کے زخم ہرے کروابیٹھی۔گزشتہ سال بھارت کے ہاتھوں جنوبی افریقا کو مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کے فائنل میں شکست ہوئی تھی اور اس بار 2025 کے آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈکپ فائنل کی کہانی بھی وہی رہی۔بھارت 52 رنز سے جیت گیا۔
ممبئی میں کھیلے گئے بڑے فائنل شو میں بھارت کی ٹیم ٹاس ہارنے کے باوجود ج می رہی۔پروٹیز نے پہلا کھلایا اور بھارتی ٹیم 7 وکٹ پر 298 رنزبنانے میں کامیاب ہوگئی۔بارش کے سبب کھیل اڑھائی گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا لیکن کوئی اوورز نہیں کٹے۔میچ کا فیصلہ جب ہوا تو بھارت میں 3 نومبر کی تاریخ شروع ہوچکی تھی۔شفالی ورما نے 87،ڈپٹی شرما نے 58 رنزبنائے۔سیمی فائنل کی ہیرو جمائما 24 رنز بناسکیں۔کپتان پرمن پریت کور 20 رنز کرسکیں۔ایا بونگا خاکا نے 3 وکٹیں لیں۔
جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم نے کسی حد تک مزاحمت کی۔سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف سنچری کرنے والی لورا وولوارڈٹ نے شاندار سنچری کی۔فائنل کی اکلوتی سنچری بناکر بھی انہوں نے خوشی نہ مانئی کیونکہ ٹیم فتح سے دور تھی۔وہ 101 رنزبناکر آئوٹ ہوئیں تو میچ ہاتھ سے نکل گیا تھا۔اینیر ڈریکسن نے 35 رنزکی اننگ کھیلی۔
جنوبی افریقا ویمنز کرکٹ ٹیم 45.3 اوورز میں 246 رنزبناکر آئوٹ ہوگئی۔یوں بھارت نے یہ فائنل 52 رنز سے جیت لیا۔ڈپٹی شرما نے شاندا بائولنگ کرتے ہوئے39 رنز دے کر 5وکٹیں لیں۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ تاریخ کا یہ 13 واں ایونٹ ہے۔1973 میں شروع ہونے والے ویمنز ورلڈکپ کو جیتنے والا بھارت چوتھا ملک ہے۔آسٹریلیا اور انگلینڈکے بعد تیسرا ملک نیوزی لینڈ تھا۔انگلینڈ 4 بار اور آسٹریلیا7 بار یہ کپ جیت چکے ہیں۔
بھارت میں جشن ہے۔ویمنز کرکٹ کا عروج ہے۔سوشل میڈیا پر بھارتی جیت کا شور ہے۔
