دوحہ قطر 14 نومبر۔ پی سی بی میڈیا ریلیزپاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے پہلے میچ میں عمان کو 40 رنز سے ہرادیا۔
ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے اس میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو پہلے بیٹنگ دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے۔جواب میں عمان کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 180 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔پاکستان شاہینز کی اننگز میں محمد نعیم کے 6 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد یاسرخان اور معاذ صداقت نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 44 رنز کا اضافہ کیا۔یاسر خان نے3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز سکور کیے۔ معاذصداقت نے 96 رنزناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 5چوکے اور 9چھکے شامل تھے۔انہوں نے کپتان عرفان خان کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت قائم کی۔ عرفان خان نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی اور 5چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے44 رنز سکور کیے۔محمد فائق اور سعد مسعود نے بالترتیب 19 اور 19 ناٹ آؤٹ بنائے۔
عمان کی اننگز میں زکریا اسلام نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔ مظاہر رضا نے 4 چھکوں اور4 چوکوں کی مدد سے 46 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان دونوں نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 88 رنز کا اضافہ کیا۔کپتان حماد مرزا نے 34 رنز بنائے۔عبید شاہ نے 29 رنز دے کر تین جبکہ معاذ صداقت اور سعد مسعود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان شاہینز ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا میچ 16 نومبر کو انڈیا اے کے خلاف کھیلے گی جبکہ اس کا تیسرا اور آخری گروپ میچ 18 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ہوگا۔
