پاکستان انڈر 19 نے ایشیا کپ انڈر19 ٹورنامنٹ جیت لیا ۔فائنل میں انڈیا انڈر19 کو 191 رنز سے ہرادیا۔
سمیر منہاس کی سنچری، علی رضا کی چار وکٹیں۔ پاکستان انڈر19 نے ایشیا کپ انڈر 19 مینز ون ڈے ٹورنامنٹ جیت لیا۔
اتوار کو آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان انڈر 19نے انڈیا انڈر 19 کو 191 رنز سے شکست دے دی۔ اس میچ کی خاص بات سمیر منہاس کی سنچری تھی ۔
پاکستان نے دوسری مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے اس سے قبل 2012 میں پاکستان اور انڈیا مشترکہ فاتح رہے تھے جب فائنل ٹائی ہوگیا تھا۔
انڈیا انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پاکستان انڈر 19 کو بیٹنگ دی جس نے 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 347 رنز بنائے۔
انڈیا انڈر 19 جواب میں 26 اعشاریہ 2 اوورز میں صرف 156 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی اننگز میں سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 113گیندوں پر 9چھکوں اور 17چوکوں کی مدد سے 172 رنز سکور کیے ۔یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی دوسری سنچری ہے انہوں نے ملائشیا کے خلاف 177 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی تھی۔
انہوں نے عثمان خان کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 92 اور احمد حسین کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 137 رنز کا اضافہ کیا۔
عثمان خان نے 35 اور احمد حسین نے 56 رنز بنائے۔
دیپیش دیوندرن نے 83 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
انڈیا کی بیٹنگ مکمل طور پر پاکستانی بولرز کے رحم و کرم پر رہی جو وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو جیت کے قریب کرتے رہے۔ ویبھاؤ سوریا ونشی 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 26 رنز بناکر علی رضا کی گیند پر وکٹ کیپر حمزہ ظہور کے ہاتھوں کیچ ہوئے جنہوں نے کپتان مہاترے اور کانشک چوہان اور سب سے زیادہ 36 رنز بنانے والے دیوندرن کی وکٹیں بھی حاصل کیں۔ انہوں نے ان چار وکٹوں کے لیے 42 رنز دیے۔
محمد صیام عبدالسبحان اور جذیفہ احسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
