لندن۔کرک اگین رپورٹ ۔کرکٹ بریکنگ نیوز
کرکٹ کے تاریخی میدان ‘لارڈز’ سے شائقینِ کرکٹ کے لیے اچھی خبر نہیں آ رہی۔ ایک طرف انگلش کرکٹ پہلے ہی نائٹ کلب تنازع کی زد میں ہے، تو دوسری طرف پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آج شروع ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ بھی موسم کی خرابی کے باعث تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔
لندن میں صبح سے جاری مسلسل بارش نے ٹاس کا وقت مخر کر دیا ہے اور اس وقت پورے گراؤنڈ کو کورز سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔ موسم کی موجودہ صورتحال کو دیکھ کر لگتا ہے کہ میچ اپنے مقررہ وقت پر شروع نہیں ہو سکے گا اور پہلے سیشن کا کھیل ضائع ہونے کا شدید خطرہ ہے۔
میدان سے ملنے والی تازہ ترین اپڈیٹس کے مطابق امپائرز نے ٹاس فی الحال روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جہاں تک پچ کا تعلق ہے، اس پر کافی گھاس نظر آ رہی ہے جس سے فاسٹ بولرز کو مدد ملنے کی پوری امید ہے۔ ایسے حالات میں جو بھی ٹیم ٹاس جیتے گی، وہ پچ کی نمی اور گھاس کا فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے بولنگ کو ہی ترجیح دے گی۔ پچ کے مزاج کو دیکھتے ہوئے قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بھی میدان میں ایک اضافی فاسٹ بولر اتارنے کا فیصلہ کر سکتی ہے، کیونکہ یہاں پہلے بولنگ کرنے والی ٹیم میچ پر گرفت مضبوط کر لے گی۔
