ابو ظہبی ۔کرک اگین رپورٹ۔ بنگلہ دیش کے پیسر حسن محمود کی افغانستان ٹیسٹ میں ڈرامائی ہیٹ ٹرک ۔
کرکٹ بریکنگ نیوز ہے کہ ابوظہبی ٹیسٹ میں بڑا ڈرامہ، بنگلہ دیشی پیس بائولر نے ہیٹ ٹرک کر کے تاریخ رقم کر دی۔
ابوظہبی ٹیسٹ میں ایک بار پھر بڑا ڈرامہ دیکھنے کو ملا ہے۔ بنگلہ دیشی تیز گیند باز نے وہ کارنامہ انجام دے دیا ہے جس نے میچ کا پورا رخ ہی پلٹ کر رکھ دیا۔ کل تک جو بنگلہ دیشی ٹیم افغانستان کے خلاف جدوجہد کر رہی تھی، آج اس اکلوتے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن وہ میچ پر پوری طرح حاوی ہو چکی ہے۔ صرف ایک ہیٹ ٹرک نے بنگلہ دیش کا پلہ بھاری کر دیا ہے اور افغان ٹیم کو بیک فٹ پر دھکیل دیا ہے۔
کرکٹ اپ ڈیٹ کے مطابق ابوظہبی میں جاری اس ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کی صبح افغانستان کے لیے کسی بھیانک خواب سے کم ثابت نہیں ہوئی۔ بنگلہ دیش کے فاسٹ باؤلر حسن محمود جب اننگز کا 83 واں اوور کرانے آئے، تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ تاریخ بننے جا رہی ہے۔ حسن محمود نے اوور کی تیسری گیند پر عصمت عالم کو بولڈ آؤٹ کر کے افغانستان کو بڑا جھٹکا دیا۔
ابھی افغان ٹیم سنبھل بھی نہ پائی تھی کہ اگلی ہی گیند پر قاسم احمد کریز پر آئے۔ حسن محمود کی شاندار گیند پر وکٹ کیپر لٹن داس نے ڈائیو لگا کر ایک ایسا ناقابل یقین کیچ پکڑا، جسے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔
اب حسن محمود ہیٹ ٹرک پر تھے اور سامنے ضیاء الرحمن کھڑے تھے۔ حسن محمود نے تیز گیند بازی کی جس پر ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل ہوئی۔ فیلڈ امپائر نے تو اسے ناٹ آؤٹ قرار دیا، لیکن بنگلہ دیش نے فوراً ریویو لے لیا۔
ریویو کے دوران ٹی وی اسکرین پر بڑا ڈرامہ دیکھنے کو ملا۔ بظاہر اونچی لگنے والی گیند ری پلے میں وکٹوں کے اوپر بیلز کو چھوتی ہوئی نظر آئی، جس پر تھرڈ امپائر نے بلے باز کو آؤٹ قرار دے دیا۔
اس طرح حسن محمود نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کر کے تاریخ رقم کر دی۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹرک کرنے والے بنگلہ دیش کے پہلے فاسٹ باؤلر بن گئے ہیں، جنہوں نے اپنی ٹیم کے لیے جیت کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔
کھیل کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ افغانستان کی ٹیم جو گزشتہ روز 211 رنز پر 4 وکٹوں کے ساتھ مضبوط پوزیشن میں تھی، آج تیسرے دن کی صبح حسن محمود کی تباہ کن بولنگ کے باعث صرف 225 رنز پر اپنی 9 وکٹیں گنوا چکی تھی۔
