راولپنڈی۔ کرک اگین رپورٹ۔
کرکٹ بریکنگ نیوز یہ ہے کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر سہ فریقی (ٹرائی) سیریز میں فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔ کرکٹ کی تازہ ترین خبر کے مطابق سلمان علی آغا کی شاندار سنچری اور آخری ڈیتھ اوورز میں پاکستانی فاسٹ بولرز کی تباہ کن بولنگ نے میچ کا پاسا پلٹ دیا۔ کرکٹ اپ ڈیٹ یہ ہے کہ مہمان ٹیم فتح کے بالکل قریب پہنچ کر بھی ہمت ہار گئی۔
سری لنکا کا ٹاس اور پاکستان کی بیٹنگ کا احوال
راولپنڈی کے بدلے ہوئے موسم اور شام کے وقت پڑنے والی اوس کو مدنظر رکھتے ہوئے سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا درست فیصلہ کیا۔ پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا جہاں اوپنر صائم ایوب صرف 7 اور فخر زمان 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان بابر اعظم نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی 45 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کی جانب سے اس میچ میں نوجوان وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ نے اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا، انہوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 39 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں حسن نواز نے 37 اور عرفات منہاس نے 18 رنز کا تعاون پیش کیا۔
سلمان علی آغا کا شاندار کم بیک
ایک وقت پر جب پاکستان کی آدھی ٹیم سستے میں آؤٹ ہو کر شدید دباؤ کا شکار تھی، تب سلمان علی آغا پاکستان کے لیے نجات دہندہ بن کر سامنے آئے۔ انہوں نے محض 90 گیندوں پر 107 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جو ان کے ون ڈے کیریئر کی چوتھی سنچری ہے۔ سلمان علی آغا کے لیے یہ اننگز ایک بڑا جواب ہے، کیونکہ گزشتہ تین چار ماہ ان کے لیے انتہائی مایوس کن رہے جہاں انہیں ٹی 20 کی کپتانی اور پھر ٹیسٹ اسکواڈ سے بھی ڈراپ کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے شاندار ذہنی مضبوطی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیٹنگ کی۔ پاکستان 49.5 اوورز میں 305 رنز بنا کر آؤٹ ہوا۔ سری لنکا کی جانب سے نشان مدوشکا نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 46 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا کی بیٹنگ اور آخری اوورز کا ڈراما
306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم ایک موقع پر انتہائی مضبوط پوزیشن میں تھی۔ میچ کے آخری 10 اوورز سے کم کا کھیل باقی تھا، سری لنکا کی آدھی بیٹنگ لائن محفوظ تھی اور انہیں جیت کے لیے صرف 7 سے ساڑھے 7 رنز فی اوور درکار تھے۔ سیٹ بیٹر پاون رتھنائکے 79 رنز پر کھیل رہے تھے لیکن وہ فہیم اشرف کی ایک سادہ گیند پر سلمان علی آغا کو کیچ دے بیٹھے۔ ان کے بعد دوسرے سیٹ بلے باز جنیتھ لیانگھے 60 رنز بنا چکے تھے، حارث رؤف کی گیند پر بابر اعظم کو ایک غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ دے گئے۔ سری لنکن بیٹرز کی اس جلد بازی اور ناتجربہ کاری کا پاکستانی پیسرز نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
پاکستان کی باؤلنگ اور فتح
آخری اوورز میں پاکستانی پیس اٹیک نے شاندار کم بیک کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے بہترین اسپیل کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نسیم شاہ، حارث رؤف اور فہیم اشرف نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 48.1 میں 268 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ناکام رہی اور پاکستان نے یہ میچ 37 رنز سے جیت لیا۔ سلمان علی آغا کو ان کی شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی (مین آف دی میچ) قرار دیا گیا۔
