راولپنڈی،کرک اگین رپورٹ۔بابر اعظم کی بڑی اننگ رائیگاں،کراچی کنگز پی ایس ایل 10 پلے آف میں،زلمی قلندرز ٹاکرا سیمی فائنل بن گیا،کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ اسلام آباد یونائیٹد نے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔اب ڈیوڈ وارنر اور جیمز ونس سے بڑی اننگ کھیلنے والے بابر اعظم پشاور زلمی کو جتوانے میں ناکام،کراچی کنگز نے پی ایس ایل 10 کے پلے آف میں قدم جمادیئے،پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کا میچ سیمی فائنل بن گیا،جس میں قلندرز کے پاس 100 فیصد اور زلمی کے پاس فتح کے بعد بھی 50 فیصد چانسز ہونگے۔یہ میچ کل کھیلا جانا ہے۔
پی ایس ایل 10 راولپنڈی میں شروع ہوگیا۔پاک،بھارت کشیدگی کے بعد یہ پہلا میچ تھا،لیگ اختتامی مراحل میں ہے۔پاکستان نے اپنے معمول،شیڈول اور پلان کے ساتھ ایونٹ کا دوبارہ آغاز کیا۔میچ کے دوران کچھ شخصیات کا سٹیڈیم میں آنا بھی پلان کا حصہ تھا جو بخیرو خوبی پورا ہوا۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی اپنے 9 ویں میچ میںمدمقابل تھے۔زلمی کیلئے غلطی کی کوئی گنجائش نہیں تھی،اس لئے کراچی کنگز سے 237 رنزبنواکر بھی زبردست مزاحمت کی۔زلمی کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ بظاہر کراچی کنگز کیلئے شاندار تھا،جب آسٹریلیا سے واپسی کرنے والے کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر پہلی بار چارج نظر آئے۔اوپنر بین میکڈرموٹ کے صفر پر جانے کے باوجود وارنر نے جیمز ونس کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ پر162 رنز کی شراکت بنائی۔پہلی وکٹ صفر پر گری۔دونوں نے شروع کے 15 اوورز کھیلے۔ یہاں جیمز ونس ایک چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 42 بالز پر72 رنزکی تیز اننگ کھیل کرعالی رضا کا شکار بنے۔عرفان خان 2 کرگئے اور ڈیوڈ وارنر2 چھکوں،11 چوکوں کی مدد سے 50 بالز پر 86 کرگئے۔5 رنز میں 3 وکٹ گنوانے کے بعد بھی کراچی کنگز دبائو میں نہیں آئی۔اس کے بیٹرز خوشدل شاہ نے 3 چھکے اور 4 چوکوں کے ساتھ صرف 15 بالز پر 43 اورمحمد نبی نے 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 10 بالز پر 26 رنز بناکر سکور 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 237 رنز تک پہنچادیا۔دونوں نے صرف 23 بالز پر 70 رنز کی تیز شراکت بنادی۔
پشاور زلمی کی جانب سے لک ووڈ نے کامیاب بالز کیں۔4 اوورز میں صرف 19 رنز دیئے2 وکٹیں لیں۔احمد دانیال کو 4 اوورز میں 66 رنز کی مار پڑی،کوئی وکٹ نہ لےسکے۔علی رضا کو 4 اوورز میں60 رنز کے عوض ایک وکٹ ملی۔عارف یعقوب نے 29 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔
جواب میں پشاور زلمی کا آغاز بہتر تھا۔30 رنزپر محمد حارث 9 کرکے حسن علی کا شکار بنے لیکن پر بابر اعظم اور صائم ایوب نے کمان سنبھالی اور 11 ویں اوور میں سکور 107 تک لے گئے۔صائم ایوب کو موقع بھی ملا لیکن وہ بڑا سکور نہ کرسکے اور 31 بالز پر 47 کرکے عباس آفریدی کا نشانہ بنے۔بابر اعظم نے اس کے بعد ہاف سنچری مکمل کی۔ٹام کیڈ مور 20 کرسکے،میکس برینٹ7 کرگئے لیکن 17.5 اوورز کے بعد بابر اعظم 94 رنزبناکر رن آئوٹ ہوئے تو پشاور زلمی کا اسکور5 وکٹ پر 184 رنز تھا۔آخری 12 بالز پر 50 رنز بہت مشکل تھے۔بابر نے 49 بالز کھیلیں۔4 چھکے اور 10 چوکے لگائے۔زلمی کی ٹیم 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 214رنزبناسکی۔یوں کراچی کنگز نے 23 رنز سے اہم میچ جیت لیا۔
کراچی کنگز کی جانب سےعباس آفریدی نے48 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔میر حمزہ ایک وکٹ لےگئے لیکن چوتھے اوور کی آخری بال پر گیند لگنے سے زخمی ہوئے اور میدان سے باہر گئے۔حسن علی نے 30 رنز کے عوض ایک وکٹ لی۔
اس نتیجہ کے ساتھ ہی کراچی کنگز پی ایس ایل 10 میں 9 میچز میں 12 پوائنٹس کےساتھ پلے آف می پہنچ گیا ہے۔پشاور زلمی کے 8 اور لاہور قلندرز کے 9 پوائنٹس ہیں۔دونوں کا ایک میچ آپس میں باقی ہے۔ایک قسم کا سیمی فائنل ہے۔قلندرز جیتے تو کنفرم پلے آف۔پشاور زلمی جیتے تو قلندرز باہر۔آج کے نتیجہ سے اسلام آباد یونائیٹد نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے پلے آف میں آگیا،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی پلے آف میں ہے۔ملتان سلطانز باہر ہیں۔