دبئی،ڈھاکا،نئی دہلی،کرک اگین رپورٹ
آئی سی سی میٹنگ میں بھارت کے لئے بڑا دھچکا،ورلڈ کپ 2023 کے پاکستانی میچز بھارت کی بجائے بنگلہ دیش میں کروانے پر بات ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
معروف کرکٹ ویب کرک انفو کے مطابق گزشتہ ہفتہ ہونے والی آئی سی سی میٹنگ میں اس پر تفصیلی بات ہوئی ہے اور اجلاس میں شریک افراد نے پاکستان اور بھارت کی موجودہ سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستان کے تمام میچز بنگلہ دیش میں کروائے جانے کی تجویز پر بات کی ہے۔یوں بھارت کے لئے یہ بات کسی بڑے دھچکہ سے کم نہیں ہوگی۔
ورلڈکپ کیلئے ایشیا کپ ماڈل اپنانے کی بات پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کی گئی ہے کہ بھارت پاکستان نہیں آسکتا تو پاکستان بھی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گا۔یوں آئی سی سی کو اس پر بات کرنی پڑی ہے۔
اس سے قبل اسی آئی سی سی اجلاس کی سائیڈ لائن پر ایشین کرکٹ کونسل اجلاس میں بھارت نے حتمی فیصلہ بتایا کہ وہ اس سال ایشیا کپ کے لئے پاکستان نہیں آئے گا۔نتیجہ میں بھارت کے ایشیا کپ میچز تیسرے ملک میں کروانے پر اتفاق ہوا تھا ۔
اب دونوں یا کسی ایک ایونٹ کا فائنل ان کے اپنے ملک سے باہر جاسکتا ہے۔
حتمی فیصلہ جون میں ہوگا۔
ایشیا کپ ستمبر 2023 میں پاکستان اور آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 اکتوبر ،نومبر میں بھارت میں شیڈول ہے۔