عمران عثمانی کی کپتان ورلڈکپ کہانی سلور جوبلی ایڈیشن کا 7واں ایڈیشن تیار ہے،اسی سے آج یہاں 21 ویں قسط پیش کی جارہی ہے۔یہ اپنی جگہ منفرد موضوع ہے،خاص کر کہ جب بھارت جیسے ملک مین کرکٹ ورلڈکپ ہورہا ہو تو یہاں کی بیٹنگ فرینڈلی پچز پر کچھ بھی ہوسکتا ہے۔کئی نئے ریکارڈز بن سکتے ہیں۔
کرکٹ ورلڈکپ 2023 رولز،ٹائی میچ کا تصور،گزشتہ ورلڈکپ کا کالا قانون دفن،سپر اوورکیلئے نیاچیپٹر
کرکٹ ورلڈکپ کے بڑے ریکارڈز،کئی ٹوٹنے والے،کئی نہیں ٹوٹ سکتے،ٹنڈولکر کیلئے بڑا خطرہ۔کرکٹ ورلڈکپ 1975سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ کے 12 ایڈیشنز اب تک منعقد ہو چکے ہیں، اس دوران متعدد ریکارڈز بنے، ٹوٹے اور پھر بنے، ان میں سے بعض ریکارڈز ایسے ہیں جن کو بنتے بنتے وقت لگا اور پھر ان کے ٹوٹنے میں بھی عرصہ لگا۔ اسی لئے کہا جاتا ہے کہ ریکارڈز بنتے ہی ٹوٹنے کے لئے ہیں، ورلڈ کپ ریکارڈز بک میں ابھی بھی بعض ایسے ناقابل شکست ریکارڈز ہیں جن کے ٹوٹنے یا اپ ڈیٹ ہونے میں جانے کتنے ورلڈ کپ لگیں، پھر چیدہ چیدہ ریکارڈز کچھ اور ہیں جو کم سے کم ورلڈ کپ 2023 میں نہیں ٹوٹ سکیں گے، یہ ریکارڈز یا دیگر ریکارڈز ورلڈ کپ کھیلنے والے 10 ممالک کے 100 سے زائد کرکٹرز کے لئے کھلا چیلنج ہیں، چیلنج کا یہ کوئز 13 ویں ورلڈ کپ 2023 میں بھی رہے گا۔
زیادہ سکور، زیادہ ففٹیز
بھارت کے سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر ورلڈ کپ کی 44 اننگز میں 6 سنچریاں اور 15 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ اس طرح 50 رنز پلس کی ٹوٹل اننگز 21 بنتی ہیں۔ ان کا مجموعی سکور 56.95 کی اوسط سے 2278 ہے۔ کہا جا سکتا ہے کہ سچن ٹنڈولکر کے یہ دونوں ریکارڈزاس ورلڈ کپ تو کیا اگلے کئی ایونٹس تک نہیں ٹوٹ سکتے۔ان کی سنچریز کا ریکارڈ ان کے ہم وطن روہت شرما توڑ سکتے ہیں۔
60 اوورز ورلڈ کپ، 50 اوورز ورلڈ کپ کی ونر ٹیم ایک:
بھارتی ٹیم نے 1983کا ورلڈ کپ جیتا تو وہ 60 اوورز فارمیٹ کا تھا۔ 2011 میں اس نے 50 اوورز فارمیٹ کا ایونٹ بھی جیت لیا تھا۔ اس طرح مختلف فارمیٹ کے 2 ورلڈ کپ کا اعزاز اکیلے بھارت کے پاس ہے، یہ ریکارڈ بھی اب شاید ہی کبھی ٹوٹ سکے کہ ایک روزہ کرکٹ پھر کبھی 60 اوورز فارمیٹ کی ہو، جس کا کوئی امکان نہیں ہے۔
مسلسل 4 گیندوں پر 4وکٹیں
سری لنکا کے موجودہ ون ڈے کپتان لاستھ ملنگا نے 2007 ورلڈ کپ کے سپر 8 میچ میں جنوبی افریقا کے 4کے بلے بازوں کو 45 ویں اوور کی آخری 2 اور 47ویں اوور کی پہلی 2 گیندوں پر آؤٹ کیا، ہیٹ ٹرک سمیت مسلسل 4 بالز پر 4 کھلاڑی آؤٹ کرنے کا منفرد ریکارڈ 12 سال گزرنے کے بعد آج بھی ان کے نام ہے۔
چار میچز میں مسلسل چار سنچریاں
سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگا کارا کرکٹ دنیا کے کامیاب ترین بلے باز رہے ہیں، 2015 کے ورلڈ کپ میں انہوں نے کمال ہی کر دیا، لیفٹ ہینڈ بلے باز نے 7 میچز میں 108 سے زائد کی اوسط سے 541 رنز بنائے اور ایونٹ کے دوسرے ٹاپ اسکورر بھی رہے مگر اس سے بھی بڑا کارنامہ اور تھا۔ انہوں نے بنگلہ دیش، انگلینڈ، آسٹریلیا اور سکاٹ لینڈ کے خلاف مسلسل 4 میچز میں 4 سنچریز بنا کر نیا اور منفرد کارنامہ سرانجام دیا۔ ورلڈ کپ تاریخ کا یہ نیا ریکارڈ ہے جو اتنی آسانی سے زیر کرنامشکل ہو گا۔
کم عمر ورلڈ چیمپئن کپتان
1983 میں بھارت نے جب کپیل دیو کی قیادت میں ورلڈ کپ جیتا تھا تو اس وقت ان کی عمر 24 سال تھی، موجودہ ورلڈ کپ کھیلنے والی ٹیموں کے کپتانوں کی اوسط عمر کم سے کم بھی ساڑھے 27 سال بنتی ہے۔ تو کم عمر ترین ورلڈ چیمپئن کپتان کا ریکارڈ اس ورلڈ کپ میں بھی ان کے نام ہی رہے گا۔
دنیا میں سب سے زیادہ ورلڈ کپ کھیلنے والے 2 کرکٹرز
پاکستان کے جاوید میانداد اور بھارت کے سچن ٹنڈولکر کوسب سے زیادہ 6,6 ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔ زیادہ رنز بنانے کا پہلا ریکارڈ میانداد کا تھا جسے سچن ٹنڈولکر نے توڑا تاہم ٹنڈولکر بھی 6 ورلڈ کپ سے زیادہ نہ کھیل سکے۔ موجود کرکٹرز میں ویرات کوہلی سب سے فٹ کرکٹر ہیں۔ 8 سال کے بعد 2023ء میں جب وہ بھی 5 واں ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں ان کی عمر 38 سال ہوچکی اس طرح 7 ورلڈ کپ کھیل کر اس ریکارڈ کو توڑنا تو درکنار 6 ایونٹ کھیل کر اسے برابر کرنا بھی دور دور تک ممکن دکھائی نہیں دیتا۔
مسلسل فتوحات کا ریکارڈ
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے 1999 سے 2011 کے درمیان مسلسل 34 میچز میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ قائم کر رکھا ہے۔ اس دوران اس نے 3 ورلڈ کپ بھی مسلسل اپنے نام کئے۔ 32 میچز جیتے، ایک ٹائی کھیلا اور ایک بے نتیجہ رہا۔ ورلڈ کپ کے سفر میں مسلسل 34 میچز میں ناقابل شکست رہنے کا یہ منفرد ریکارڈ اگلے کئی ورلڈ کپ تک ٹوٹنا ممکن نہیں ہے۔
شمبن گل کیلئے ایک انوکھا موقع
گل نے 2023 کیلنڈر ایئر کی 20 اننگز میں 1230 رنز بنائے ہیں۔ ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں کم از کم 9 اننگز میں بلے بازی کا موقع ملنے پر اوپنر سچن ٹنڈولکر کا 25 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ اس وقت گل کی اوسط 72.35 ہے اور اگر دائیں ہاتھ کا کھلاڑی ایونٹ میں 665 رنز بناتا ہے تو وہ ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔
سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ
روہت شرما بین الاقوامی کرکٹ کی فہرست میں سب سے زیادہ چھکوں کے معاملے میں کرس گیل سے زیادہ دور نہیں ہیں، جنہوں نے 471 اننگز میں ناقابل یقین 551 چھکے لگائے ہیں۔ موجودہ ہندوستانی کپتان کو گیل کے 553 چھکوں کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنے کے لیے صرف مزید تین چھکوں کی ضرورت ہے۔
ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریاں
ویرات کوہلی سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔اپنے چوتھے ون ڈے ورلڈ کپ میں آتے ہوئے، ویرات کوہلی کے پاس ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اپنا آئیڈیل ریکارڈ توڑنے کا موقع ہے۔ کوہلی کے پاس اس وقت 47 سنچریز ہیں، جو ٹنڈولکر کے 49 کے ریکارڈ سے صرف دو کم ہیں۔ورلڈ کپ 2023 میں کم از کم نو میچ کھیلنے کے موقع کے ساتھ، کوہلی کے پاس تین سنچریاں بنانے اور پچاس ون ڈے سنچریاں بنانے والے پہلے کھلاڑی بننے کا موقع ہے۔
مچل اسٹارک کیلئے زیادہ وکٹیں لینے کا موقع
مچل اسٹارک گزشتہ دو ورلڈ کپ (2015 اور 2019) میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ 2015 کے ایڈیشن میں ان کی مستقل مزاجی ایسی تھی کہ انہیں ‘مین آف دی سیریز’ کے طور پر نوازا گیا۔اسٹارک ون ڈے ورلڈ کپ میں 5ویں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں، ان کے نام 49 وکٹیں ہیں۔ اگر بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز 23 وکٹیں لے گئے تو وہ گلین میک گرا کا سب سے زیادہ وکٹیں (71 وکٹیں) کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔
بھارت کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے
ظہیر خان اور جواگل سری ناتھ کے پاس ون ڈے ورلڈ کپ میں ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ ہے۔ اپنے تیسرے ورلڈ کپ میں آتے ہوئے، شامی کے پاس 11 میچوں میں 31 وکٹیں ہیں، جو ظہیر اور سری ناتھ کے 44 وکٹوں کے ریکارڈ سے صرف 13 کم ہیں۔
ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سنچریز
روہت شرما سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑتے نظر آتے ہیں۔موجودہ بھارتی کپتان اس وقت عظیم سچن ٹنڈولکر کے پیچھے ہیں، ون ڈے ورلڈ کپ میں دونوں نے 6 سنچریاں اسکور کیں۔روہت نے ٹنڈولکر کے 44 کے مقابلے صرف 17 اننگز میں یہ 6 سنچریاں اسکور کی ہیں اور اگر وہ صرف ایک اور سنچری بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیں گے۔
کرکٹ ورلڈکپ کے تمام ریکارڈز،بیٹنگ،بائولنگ،فیلڈنگ،ٹیم اور دیگر دلچسپ اعدادوشمار
نوٹ:مینیو میں موجود بار میں آپ ورلڈکپ کہانی کے عنوان یا ورلڈکپ عنوان پر کلک کرکے اس سلسلہ کی گزشتہ اقساط دیکھ سکتے ہیں۔