ملتان کرکٹ اسٹیڈیم سے عمران عثمانی کی رپورٹ۔پاکستان کرکٹ کیلئے یہ ایک روشن صبح تھی،ملتان انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پھیلے سبزے پر سورج کی سنہری کرنوں سے زیادہ روشن صبح۔کیوں نہ ہوتی۔کپتان شان مسعود کی جان سولی پر لٹکی تھی،ٹیم سلیکشن میں اختیار ختم کئے جانے کے بعد کپتانی اور ٹیم سے چھٹی کی تلوار،شاید ہمیشہ کیلئے۔شان مسعود جب سے کپتان بنے،6 ٹیسٹ ہارے،ایک بھی نہیں جیت سکے تھے۔ان کی کپتانی میں پاکستان تاریخ میں پہلی بار بنگلہ دیش سے ہارا۔ٹیسٹ ہی نہیں،ٹیسٹ سیریز بھی ساتھ۔اب ان کے پاس یہ سیریز جیتنے اور بچانے کا چانس موجود ہے،کیونکہ فیصلہ تیسرے ٹیسٹ میچ میں ہونا ہے۔
پاکستان نے انگلینڈ کو 152 رنز سے ہراکر 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔ملتان انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہارکر پھر انگلینڈ کو ہرابھی دیا ہے۔
ملتان انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ نے میچ کی چوتھی صبح جمعہ کو جب اننگ شروع کی تو اس کے 36 پر 3 آئوٹ تھے۔297 رنز کا مشکل ہدف تھا،سامنے اسپنرز تھے اور پچ ان کی مدد گار۔انگلینڈ کو بس یہی گما ن تھا کہ وہ ناقابل شکست ہیں لیکن خوف بھی تھا کہ سپن ٹریک ان کو چلنے نہیں دے گا۔
شان مسعود کی قریب ایک سال میں 7 ویں ٹیسٹ میں پہلی جیت ہے۔بطور کپتان تمام6 میچز ہارے ہیں۔سوال یہ ہے کہ کیا وب وہ بچ جائیں گے۔کوئی ضمانت نہیں ہے۔
پاکستان کرکٹ کیلئے یہ روشن صبح کیسے
بابر اعظم،نسیم شاہ اور شاہین آفریدی گھر بھیج دیئے گئے۔سپن ٹریک بنایا گیا۔عاقب جاوید کی قیادت میں نئی سلیکشن کمیٹی آگئی ۔نئے فیصلے ہوگئے۔
پاکستان فروری 2021 کے بعد پہلی بار ہوم میدانوں میں ٹیسٹ میچ جیتا۔
پاکستان 11 مسلسل ٹیسٹ کے بعد پہلا ٹیسٹ جیت سکا۔
پاکستان ہوم گرائونڈ میں 7 شکستوں اور 4 ڈرا کے بعد پہلی بار کامیاب ہوا۔
ملتان انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں 19 برس بعد کوئی ٹیسٹ میچ جیتا۔اس دوران جنوبی افریقا سے میچ ڈرا کھیلا۔انگلینڈ سے ناکامی ہوئی۔آخری بار 2005 میں انگلینڈ کو 22 رنز سے شکست دی تھی۔ملتان انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مجموعی طور پر یہ پاکستان کی چوتھی کامیابی ہے۔
جمعہ کو میچ کے چوتھے روز کیا ہوا
انگلش کیمپ کو جوئے روٹ اور ہیری بروک سے بڑی امیدیں تھیں لیکن انگلش بیٹرز سپنرز کے خوف میں دکھائی دیئے۔آتے ہی ایک رن کے اضافہ سے اولی پوپ نے ساجد خان کو ان کی بال پر ان کو ہی کیچ تھمادیا۔22 پر لوٹ گئے۔18 رنزکے اضافہ کے بعد تجربہ کار بیٹر جوئے روٹ18 رنزبناکر بعمان علی کے ہاتھوں ایل بی ہوئے۔23 رنزکے اگلے اضافہ کے بعد ہیری بروک 16 رنز بناکر نعمان علی کا شکار ہوئے۔دونوں بیٹرز نے ایل بی کے فیصلوں کو ریویو میں چیلنج کیا لیکن نچ نہ سکے۔انگلینڈ کے 78 پر 5 آئوٹ ہوچکے تھے۔اس کے بعد اننگ سنبھل نہ سکی اور ایک گھنٹہ 43 منٹ کے کھیل کے بعد 33.3 اوورز میں پوری ٹیم 144 رنزبناکر آئوٹ ہوگئی۔جیمی سمتھ 6،بریڈن کارس 27،بین سٹوکس 37 اورمیتھیو پوٹس 9 رنزبناسکے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 16.3 اوورز میں صرف 46 رنز دے کر 8 وکٹیں لیں۔نعمان علی نے میچ میں 11 وکٹیں لیں۔پاکستان 152 رنز سے جیت گیا ہے ،یوں سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔فیصلہ کن ٹیسٹ میچ 24 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلاجائے گا۔