ہمنٹوٹا،کرک اگین رپورٹ
مینکڈ رن آئوٹ کے باوجودافغانستان کی تمام کوششیں ناکام،نسیم شاہ نے پھر فتح چھین لی۔ایشیا کپ اور ورلڈکپ سے پہلےپاکستان کو بال بال جھٹکا لگتے بچا،افغانستان کے خلاف ایک وکٹ کی سنسنی خیز جیت۔ایک بار پھر نسیم شاہ نے چوکا لگر گزشتہ سال کے ایشیا کپ ٹی 20 جیت کی یاد تازہ کردی۔افغانستان ٹیم قسمت سے ہارگئی،مینکڈ رن آئوٹ بھی کام نہ آیا۔پاکستان ایک بال قبل 9 وکٹ پر 302 اسکور کے ساتھ ایک وکٹ سے جیت گیا۔افغانی پھر روپڑے۔
ہمنٹوٹا میں 3 میچزکی سیریز کے دوسرے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا اچھا فیصلہ کیا اور اوپنرز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زردان نے 227 رنزکی شراکت قائم کرکے ہوا بنے پاکستانی پیس اٹیک کی ہوا نکال دی۔دونوں نے 40 اوورز تک حریف گیند بازوں کو آگے لگائے رکھا۔پاکستان کو پہلی کامیابی 41 ویں اوور میں ملی،جب زردان 80 رنزبناکراسامہ میر کاشکار بنے،اس کے بعد آخری 10 اوورز میں افغان بیٹرز نے ضرورت کے حساب سے اسکور بنایا اور 50 اوورز میں 5 وکٹ پر 300 اسکور پر بریک لگائی۔رحمان اللہ گرباز کیریئر کی 5 ویں سنچری مکمل کرگئے۔اسی پر نہیں رکے اور 151 بالز پر 151 اسکور کرکے اپنی ٹیم کیلئے جیت کی بنیاد رکھ گئے۔پاکستان کی جانب سے حارث رئوف کو 7 اوورز میں 48 رنزکی مار کے ساتھ کوئی وکٹ نہ ملی۔شاہین آفریدی کو 2 وکٹ کیلئے 58 رنزدینا پڑے۔نسیم شاہ نے 45 اور اسامہ میر نے 61 رنزدے کر ایک وکٹ لی۔
جواب میں پاکستانی اوپنرز امام الحق اور فخرزمان نے9 اوورز میں 52 رنزکا آغاز دیا۔فخرزمان 34 بالز پر 30 رنزبناکر فاروقی کا نشانہ بنے۔گزشتہ میچ میں صفر پرجانے والے پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ہاف سنچری مکمل کی لیکن 31 ویں اوور میں اسکور کو 170 تک لےجانے والے اور امام کے ساتھ مل کر 118 رنزکی شراکت میں حصہ ڈالنے والے بابر اعظم اپنی حماقت سے کیچ دے گئے۔بائولرفاروقی تھے ،بابر نے 66 بالز کھیلیں۔اس دوران امام الحق بھی ففٹی مکمل کرکے 100 کی جانب رواں دواں تھے لیکن محمد رضوان کے2 پر رن آئوٹ،آغاسلمان کے 14 پر خودکشی والے شاٹ کے ساتھ امام الحق کی 91 پر رخصتی نے پاکستان کو 211 رنز 6 وکٹ کردیا۔افتخار احمد 7 ویں وکٹ پرشاداب خان کے ساتھ اسکور کو 258 تک لے گئے لیکن یہاں افتخار 17 رنزبناکر آسان کیچ دے گئے۔
امام الحق تو رحمان اللہ گرباز سے بھی ڈرپوک بیٹر ثابت،بیچ مندھار میں چھوڑ کرواپس
پاکستان کو آخری 18 بالز پر 33 اسکور درکار تھے۔شاداب خان نے 49 ویں اوور میں ایک چوکا اور چھکا لگاکرکام آسان کردیا،آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے کہ فضل حق فاروقی نے شاداب خان کو منکڈ رن آئوٹ کردیا۔شاداب کریز چھوڑ گئے تھے ۔نئے قوانین کے مطابق یہ آئوٹ ہے اور اسپورٹس مین سپرٹ کے خلاف نہیں ہے۔نسیم شاہ نے ایک چوکا لگاکر گزشتہ سال کی یاد تازہ کی لیکن مشکل تھا،ہمت نہ ہاری۔پاکستان کو 2 بالز پر 3 اسکور درکار تھے،ایک بار پھر نسیم شاہ نے چوکا مارکر پاکستان کو ایک وکٹ سے جتوادیا۔افغانستان ایک بال قبل ایک وکٹ سے ہارگیا۔فضل حق فاروقی نے 3 وکٹیں لیں۔