فیصل آباد،پی سی بی میڈیا ریلیز
بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ میں لیک سٹی پینتھرز کی ڈولفنز کے خلاف 50 رنز سے کامیابی۔ پینتھرز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.4 اوورز میں 328 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ڈولفنز جواب میں 47 اوورز میں 278 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پینتھرز کے عثمان خان کی پہلی لسٹ اے ون ڈے سنچری۔ 111 رنز کی اننگز کھیلی۔
عثمان خان اور حیدر علی کے درمیان 103 رنز کی شراکت ہوئی۔
حیدر علی 63 اور کپتان شاداب خان 65 رنز بنانے میں کامیاب۔ عثمان قادر کی تین وکٹیں تھیں۔ڈولفنز کی اننگز میں قاسم اکرم اور صاحبزادہ فرحان کی نصف سنچریاں سامنے آئیں۔محمد حسنین 74 رنز دے کر 5 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔
بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کے تیسرے میچ میں لیک سٹی پینتھرز نے ڈولفنز کو 50 رنز سے شکست دے دی۔ اس میچ کی خاص بات پینتھرز کے عثمان خان کی سنچری اور محمد حسنین کی 5 وکٹیں تھیں۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ہفتے کے روز کھیلے گئے اس میچ میں پینتھرز کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 328 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
مسلسل تیسرے میچ میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے تین سو سے زائد رنز اسکور کیے ہیں۔
ڈولفنز کی ٹیم جواب میں 47 اوورز میں 278 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پینتھرز کی اننگز میں میرحمزہ نے ابتدا ہی میں دونوں اوپنرز صائم ایوب ( 6 ) اور عبدالواحد بنگلزئی ( 5 ) کی وکٹیں حاصل کرڈالیں جس کے بعد عثمان خان اور عمرصدیق نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 70 رنز کا اضافہ کیا۔
عمرصدیق 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
عثمان خان نے11 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 111 رنز اسکور کیے۔ یہ ان کی لسٹ اے ون ڈے میں پہلی سنچری ہے۔ اس سے قبل ان کا بہترین انفرادی اسکور 87 تھا جو انہوں نے پاکستان شاہینز کی طرف سے بنگلہ دیش اے کے خلاف گزشتہ ماہ اسلام آباد میں بنایا تھا۔
عثمان خان اور حیدر علی کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 103 رنز بنے۔
حیدر علی نے 63 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
عثمان خان نے شاداب خان کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 61 رنز کا اضافہ کیا۔شاداب خان نے 5چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے65 رنز بنائے۔
عثمان قادر نے63 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔میر حمزہ اور عباس آفریدی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ڈولفنز کی اننگز میں صاحبزادہ فرحان اور محمد ہریرہ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 68 رنز کا اضافہ کیا۔صاحبزادہ فرحان نے 52 رنز اسکور کیے۔ہریرہ تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے لیکن ڈولفنز کی پانچ وکٹیں 166 رنز پر گرگئیں۔ قاسم اکرم اور فہیم اشرف نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز کا اضافہ کیا۔ قاسم اکرم کی 65 رنز کی اننگز کا خاتمہ محمد حسنین نے کیا۔ فہیم اشرف بھی 41 رنز بناکر محمد حسنین کی اننگز میں پانچویں وکٹ بن گئے ۔
محمد حسنین نے74 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اسامہ میر اور مبصر خان نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
ٹورنامنٹ کا چوتھا میچ اتوار کو یوایم ٹی مارخورز اور الائیڈ بینک اسٹالیئنز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
کل الائیڈ بینک اسٹالیئنز اور یوایم ٹی مارخورز کے درمیان میچ ہوگا۔