لاہور،کرک اگین رپورٹ ،پی سی بی میڈیا ریلیز
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دےدی۔مصباح الحق کمیٹی کے سربراہ ، انضمام الحق اور حفیظ بھی شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلی سطحی کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ سابق کپتان مصباح الحق کو اس تین رکنی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ اس میں دو سابق کپتان انضمام الحق اور محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔
کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کرکٹ سے متعلق اپنی تجاویز پیش کرے گی جن میں ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ ۔ پلیئنگ کنڈیشنز۔ قومی سلیکشن کمیٹی کا تقرر۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کی تقرری۔ سینٹرل اور ڈومیسٹک کنٹریکٹس اور امپائرز ریفریز اور کیوریٹرز کے بارے میں منصوبہ بندی شامل ہیں۔
کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ کرکٹ کے ماہرین کو بھی مدعو کرسکے گی اور اپنی رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین کو باقاعدگی سے دے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ وہ مصباح الحق۔ انضمام الحق اور محمد حفیظ کو اس کمیٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں ۔ یہ تینوں سابق کپتان کرکٹ کی زبردست معلومات رکھتے ہیں اور جدید دور کی کرکٹ کے تقاضوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں ۔
ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ کسی بھی کرکٹ کھیلنے والے قوم کا ستون ہوتا ہے اور ہمیں اپنے ڈھانچے کو بہترین انداز میں تیار کرنا ہے۔ مصباح الحق ۔ انضمام الحق اور محمد حفیظ کی موجودگی سے ہمارے کرکٹ سسٹم کو بہترین بنانے میں مدد ملے گی تاکہ ہم بہترین کرکٹرز سامنے لاسکیں۔
مصباح الحق کا اپنی تقرری پر کہنا ہے کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ وہ اس کمیٹی کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں جس میں قابل احترام افراد شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کرکٹ کی بڑی خدمت کی ہے۔
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ یہ ذمہ داری ان کے لیے چیلنج ہے تاہم وسیع تجربے اور معلومات کی بدولت یہ کمیٹی کھیل میں بہتری سے متعلق اپنی تجاویز کے ذریعے گراس روٹ سے ٹاپ لیول پر مثبت تبدیلی سامنے لاسکے گی ۔
ڈومیسٹک کرکٹ آپریشن کے قائم مقام ڈائریکٹر جنید ضیا کو اس کمیٹی میں ایکس آفیشو ممبر کے طور پر شامل کیا گیا ہے جبکہ عثمان تسلیم کمیٹی کے سیکریٹری ہونگے۔
واضح رہے کہ کمیٹی میں شامل تینوں سابق کپتان شاندار کریئر کے حامل رہے ہیں۔
مصباح الحق پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان ہیں جنہوں نے 56ٹیسٹ میں سے 26 ٹیسٹ میچز جیتے ہیں ۔ان کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم اگست 2016میں آئی سی سی کی عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچی تھی۔وہ اس ٹیم میں بھی شامل تھے جس نے2009 میں یونس خان کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تھا۔
مصباح الحق نے75 ٹیسٹ میں5222 رنز162 ون ڈے انٹرنیشنل میں5122 رنز اور 39 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں788 رنز بنائے ہیں۔
انضمام الحق 1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم میں شامل تھے۔ وہ378 ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ 11739رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں جن میں دس سنچریاں اور 83 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے120 ٹیسٹ میں 8830رنز اسکور کیے جن میں 25سنچریاں اور 46نصف سنچریاں شامل ہیں۔ وہ ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جو ان کی قیادت میں انگلینڈ کےخلاف برسٹل میں پانچ وکٹوں سے پاکستان جیتا تھا۔
محمد حفیظ نے55 ٹیسٹ میچوں میں3652 رنز بنانے کے علاوہ 53وکٹیں حاصل کی ہیں۔218 ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کے بنائے گئے رنز کی تعداد6614 اور وکٹوں کی تعداد 139ہے جبکہ 119 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں انہوں نے2514 رنز بنائے اور 61 وکٹیں حاصل کیں۔وہ ایک کیلنڈر سال میں ہزار رنز اور تیس وکٹیں لینے والے سنتھ جے سوریا اور ژاک کیلس کے بعد تیسرے آل راؤنڈر ہیں۔