کرکٹ کی تازہ ترین خبرہے کہ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی خصوصی دعوت پر لاہور میں واقع نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کا دورہ کیا۔ اکیڈمی کے دورے کے دوران انہوں نے وہاں کھلاڑیوں کے لیے دستیاب جدید ترین سہولیات اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور بورڈ کے اقدامات کو سراہا۔
محمد عامر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کا کریڈٹ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو جاتا ہے۔ انہوں نے اکیڈمی میں نصب نئی بولنگ مشین اور ری ہیب کی جدید ترین سہولیات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بیٹرز کی تکنیک میں بہتری آئے گی اور فٹنس مسائل کا شکار کھلاڑیوں کو جلد صحتیاب ہونے میں مدد ملے گی۔ سابق اسپیڈ اسٹار نے نوجوان کھلاڑیوں کی ڈائٹ، ٹریننگ اور ری ہیب کی نگرانی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ گراس روٹ لیول یعنی ملتان میں انڈر 19، سیالکوٹ میں انڈر 15 اور فیصل آباد میں انڈر 17 کرکٹرز کے لیے تربیتی پروگرام پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک بہترین اور مثبت پیش رفت ہیں۔
اس موقع پر پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے محمد عامر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ اپنے سابق نامور کرکٹرز کے تجربات اور قیمتی تجاویز سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سابق کھلاڑیوں کی جانب سے ملنے والی تمام تجاویز پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی، جس کے بعد ایک جامع رپورٹ اور سفارشات حتمی منظوری کے لیے پی سی بی کے سامنے پیش کی جائیں گی تاکہ ڈومیسٹک اور بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
