عمران عثمانی
ملتان کرکٹ ٹیسٹ کیوں کراچی منتقل کیا گیا،یہ ہے وہ سوال جو اس روز بھی ذہنوں میں تھا اور اب جب کہ میچ شروع ہونے کو ہے تو پھر جاگ اٹھا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی رجیم چینج نائٹ کے بعد فوری طور پر جو پہلا فیصلہ سامنے آیا تھا،وہ یہی تھا۔جس وقت یہ فیصلہ کیا گیا تو وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ دھند اور خراب موسم کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ میں 3 جنوری سے شیڈول سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ملتان سے کراچی شفٹ کیا گیا ہے۔یہ خبریں پہلے نا معلوم ذرائع سے چلیں اور پھر اس کے اگلے روز یعنی گزشتہ ہفتے کو پی سی بی نے آفیشل اعلان کیا۔
سوال یہ ہے کہ کیا جس وقت یہ فیصلہ کیا گیا،ملتان کا موسم بہت خراب تھا۔کئی روز سے خراب تھا،کئی روز تک خراب ہونے کی پیش گوئی تھی،آخر کیا بنیادی اور ٹھوس وجہ بنی۔ایسا نہیں تھا۔
پی سی بی نے اپنے فیصلے کے وقت محکمہ موسمیات سے مدد لینے یا پھر اس کا ریفرنس دینے کی کوئی غلطی نہیں کی۔پھر موسم کو ہی کیوں بنیاد بنایا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان کا موسم کلیئر ہے۔
صورت حال یہ ہے کہ ملتان مسلسل دھوپ میں چمک رہا ہے۔رات اور صبح کی دھند ایسی نہیں ہے کہ اس سے کھیل متاثر ہوتا۔گزشتہ ماہ اس سنٹر نے اس وقت انگلینڈ کیخلاف میزبانی کامیابی کے ساتھ کی،جب سورج جلد غروب ہورہا تھا۔
پی سی بی کی نئی رجیم نے آتے ہی پشاور اور کویٹہ کو میچز دینے کی سیاسی باتیں کیں لیکن ملتان سے اس کا حق خاموشی کے ساتھ چھین لیا۔
ملتان ٹیسٹ ہی شفٹ نہیں ہوا،پاک نیوزی لینڈ شیڈول بھی تبدیل،جنوبی پنجاب کو دھچکا
کرک اگین ذرائع کے مطابق پی سی بی کی نئی رجیم نے یہ فیصلہ ان اخراجات سے بچنے کے لئے کیا ہے جو کہ ملتان میں میچ کے دوران ہونے تھے اور یہ رقم پہلے سے مختص تھی،اب یہ رقم بجٹ سے منظور ہے تو اس کا کیا کریں گے۔دوسری اہم بات یہ ہے کہ پی سی بی حکام نے جب ملتان کو یہ میچ دیا تھا،موسم کا ان کو علم تھا تو یہ موجودہ حکام کا بنیاد پر بیک جنبش ملتان کو محروم کرگئے۔
پی سی بی کی نئی رجیم نے ملتان کے ساتھ جنوبی پنجاب کی عوام کے ساتھ ناانصافی کی ہے اور کسی مخصوص ایجنڈے کے تحت اسے ایک ٹیسٹ میچ سے محروم کیا ہے
ملتان چمک رہا ہے اور کراچی میں یہی ٹیسٹ اب کل سے شروع ہوگا۔نجم سیٹھی اینڈ کمپنی کا پیچھا یہ ٹیسٹ ہمیشہ کرے گا کہ ملتان کو کیوں محروم کیا گیا۔