کرائسٹ چرچ، 14 دسمبر 2023
فاطمہ ثنا نیوزی لینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں کپتان مقرر۔ندا ڈار نیوزی لینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل سے باہر ہو گئی ہیں۔ندا ڈار نے منگل کو کوئنزٹاؤن کے جان ڈیوس اوول میں پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں ٹیم کی قیادت کی، جہاں نیوزی لینڈ بیٹنگ کے 44 ویں اوور میں گیند لگنے سے زخمی ہو کر میدان سے باہر چلی گئیں تھیں۔ اس کے بعد فاطمہ ثنا کو اسٹینڈ ان کپتان مقرر کیا گیا۔ تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل کے لیے ندا ڈار کی دستیابی کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔22سالہ فاطمہ ثنا، جنہوں نے مئی 2019 میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا، جب وہ کل کرائسٹ چرچ میں ٹاس کے لیے جائیں گی تو وہ ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی 10ویں کپتان بن جائیں گی۔
دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر نے، انجری کی باعث حالیہ بنگلہ دیش سیریز سے باہر ہونے کے بعد، شاندار واپسی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف 3 سے 9 دسمبر تک کھیلے گئے تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔فاطمہ ثنا نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 5.60 کے اکانومی ریٹ سے چھ وکٹیں حاصل کیں اور 3 دسمبر کو ڈنیڈن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں تین وکٹیں لے کر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔اس سال جون میں، فاطمہ ثناء نے ہانگ کانگ میں منعقدہ اے سی سی ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان ویمنز ایمرجنگ ٹیم کی کپتانی کی۔ سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں چھ رنز سے شکست کھانے کے بعد ٹیم ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے سے محروم رہی۔ فاطمہ ثنا نے اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں پی سی بی بلاسٹرز کی قیادت بھی کی تھی اور ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔کراچی میں پیدا ہونے والی فاطمہ ثنا کو اپنے کیریئر کے آغاز سے ہی شاندار کارکردگی دکھانے پر 2020 میں پی سی بی کا ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ فاطمہ ثنا نے 2021 میں آئی سی سی ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتانی ملنے پر فاطمہ ثناء کا کہنا ہے کہ وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے، حالانکہ ندا ڈار کی انجری ہمارے لیے ایک دھچکہ ہے اور میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔ہم نے نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز جیتی تھی، اور میں جانتی ہوں کہ کھلاڑی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے کوشاں ہیں۔ اگرچہ پہلے ون ڈے میں ہماری کارکردگی اچھی نہیں تھی، لیکن ہم سب کل کے میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہیں۔
ڈیانا بیگ کی انجری اپڈیٹ
دائیں ہاتھ کی فاسٹ باؤلر ڈیانا بیگ، جو ون ڈے انٹرنیشنل سیریز سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران انگلی میں چوٹ لگنے کی وجہ سے ون ڈے انٹرنیشنل سیریز سے باہر ہو گئی تھیں، ان کی دائیں ہاتھ کی انگلی کی سرجری ہوئی ہے۔ سرجری کے بعد ڈیانا بیگ چار ہفتوں کے لیے کسی بھی قسم کی کرکٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔