انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ،پاکستان اسکواڈ کا اعلان ،ایک یوٹرن۔نعمان علی سے رجوع ۔
انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان اسکواڈ کا اعلان۔پاکستان کرکٹ سلیکٹرز نے منگل کو انگلینڈ کے خلاف ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔
اسکواڈ کے اعلان کے بعد ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی تجویز پر منتخب کھلاڑیوں کو چیمپئنز ون ڈے کپ کے پلے آف سے دستبردار کر دیا گیا ہے تاکہ انہیں سیریز سے قبل کچھ آرام مل سکے۔
اسکواڈ پیر 30 ستمبر کو ملتان میں جمع ہو گا جہاں تربیتی کیمپ یکم اکتوبر سے شروع ہوگا۔
اسکواڈ (پہلے ٹیسٹ کے لیے)۔
شان مسعود (کپتان) سعود شکیل (نائب کپتان) عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، میر حمزہ ، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر) نسیم شاہ، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی۔
15 ٹیسٹ میچوں میں 47 وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی نے فاسٹ بولر خرم شہزاد کی جگہ لی ہے جو انجرڈ ہیں۔
کامران غلام اور محمد علی جو بنگلہ دیش کےخلاف سیریز میں ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ تھے سلیکٹرز کی پلاننگ میں مضبوطی سے قائم ہیں۔ تاہم سلیکشن پالیسی میں مستقل مزاجی اور تسلسل پر زور دینے کی وجہ سے اور اس یقین کی وجہ سے کہ ایک ٹیسٹ کے لیے 15 کھلاڑی کافی ہیں، انہیں چیمپیئنز ون ڈے کپ اور تین اکتوبر سے شروع ہونے والے پریذیڈنٹ کپ میں اپنی ٹیموں کی نمائندگی جاری رکھنے کا مشورہ اور حوصلہ افزائی کی گئی ہے تاکہ وہ مسابقتی کرکٹ کے ذریعے تیار رہیں ۔
پاکستان مینز ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کا کہنا ہے کہ مصروف ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ شیڈول کے ساتھ یہ سمجھ میں آتا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل اپنے کھلاڑیوں کو آرام کی ضرورت ہے۔ ہم یہاں انگلینڈ کے خلاف پاکستان میں سیریز کا بے حد انتظار کر رہے ہیں ۔ ہم اپنے جوشیلے فینز کے سامنے کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔