کراچی۔کرک اگین رپورٹ۔پی ایس ایل 11میں پہلا حیرت انگیز نتجہ آہی گیا۔پی ایس ایل11 میں نئی ہلچل،حیدر آباد کنگز کی 5 ویں کوشش میں پہلی جیت،کراچی کنگز کو 4 وکٹ کی شکست۔کرکٹ بریکنگ نیوز ہے کہ لاہور قلندرز کے بعد کراچی کنگز بھی اب جھٹکوں میں آگئی ہے۔مسلسل دوسری شکست ہوگئی اور اس چکر میں حیدر آباد کنگز نے پی ایس ایل تاریخ میں پہلی فتح 5 ویں میچ میں جاکر حاصل کرلی۔
نیشنل بنک ایرینا کراچی میں پی ایس ایل 11 کے 20 ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نہیں کھیلے۔ ان کی جگہ انگلش کھلاڑی معین علی نے کپتانی کی ۔حیدر آباد کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا انتخاب کیا۔کراچی کنگز کی اننگ کو دیکھیں تو انہیں سکور بٹورنے میں زیادہ مشکلات پیش نہ آئیں۔ریزا ہینڈرکس2 پر آئوٹ ہوئے۔سلمان علی آغا 24 اور محمد وسیم 25 کرکے گئے تو 59 نپر 3 وکٹ گرے تھے۔یہاں سے سعد بیگ اور اعظم خان 61 رنزکی شراکت کرکے 15 ویں اوور میں سکور 120 تک لے گئے۔اعظم خان 26 پر ہمت ہارگئے لیکن یہ کراچی کیلئے یوں درست رہا کہ وارنر کی جگہ کپتانی کرنے والے معین علی نے آکر نقشہ ہی بدل ڈالا۔دھوں دھار ہٹنگ کرتے ہوئے سکور کو 18 اوورز میں 175 تک لے گئے۔19 ویں اوور کی پہلی بال پر معین علی محمد علی کی گیند پر لبوشین کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے لیکن کلاسیکل اننگ صرف 16 بالز پر تیز ترین 44 رنز پر محیط تھی۔5 چھکے اور1 چوکا شامل تھا۔9 رنز کے اضافہ سے سعد بیگ 37 بالز پر 53 کرکے پویلین لوٹے۔عباس آفریدی کے صفر اور خوشدل شاہ کے سلو 7 رنز کے بعد کراچچی کنگز آخری 8 بالز پر صرف 4 رنز ہی بناسکیئ۔اس کی اننگ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 188 رنز تک محدود ہوگئی۔حیدر آباد کنگز مین کے حنین شاہ نے شاندار گیند بازی کی اور 4 اوورز میں صرف 19 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔محمد علی نے 35 رنز دے کر 2 آئوٹ کئے۔لبوشین نے 9 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔
جواب میں حیدر آباد کنگز مین نے پہلی بار جوابی اننگ میں بااعتماد آغاز کیا۔بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی بھی کام آئی۔مارنس لبوشین اور معاذ صداقت نے صرف 2.5 اوورز میں 36 رنزکا تیز آغاز دیا۔لبوشین 10 بالز پر 26 رنزکرکے شاندار کیچ کا شکار بنے۔انہوں نے2 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔،5 اوورز میں 64 رنز جیت کی بنیاد ہونی چاہئے تھی۔معاذ صداقت اور عثمان خان نے سکور بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔حیدر آباد کنگز مین نے اپنی پی ایس ایل کی مختصر سی ہسٹری میں پہلی بار پاور میں 76 جیسا بڑا سکور بنالیا۔
کراچی کنگز کیلئے پریشانی اس وقت بڑھتی گئی،جب 7 اوورز میں 1 وکٹ پر 87 سکور ہوگیا تھا۔صداقت اور عثمان خان نے 51 رنزکی شراکت صرف 26 بالز پر بنالی۔8 ویں اوور کے اختتام پر عثمان خان نے غیر ذمہ دارانہ شاٹ کے ساتھ حسن علی کو کیچ تھمادیا۔وہ13 بالز پر 27 کرکے عباس آفریدی کی وکٹ بنے۔حیدر آباد کا ٹوٹل اس وقت 96 ہوگیا تھا۔یہ حرکت ان کی ٹیم کیلئے تباہ کن بنی۔اسی سکور پر معاذ صداقت 29 بالز پر 37 کرکے ایڈم زمپا کی بال پرخوشدل شاہ کو کیچ دے گئے۔104 پر صائم ایوب 6 اور 112 پر پہلا میچ کھیلنے والے گلین میکسویل2 کرکے کیچ دے گئے۔یکدم 96 رنز ایک وکٹ سے 112 رنز 5 وکٹ ہوگیا۔یقینی طور پر کراچی کنگز نے واپسی کرلی تھی۔12 اوورز کے اختتام پر 5 وکٹ پر سکور 114 ہوگیا تھا۔کوشال پریرا اب امیدوں کا مرکز تھے۔کنگز کو اب 42 بالز پر 69 رنزکی ضرورت تھی۔پھر بیٹرز نے عقل سے کام لیا،وکٹ نہ گنوائی۔یوں 50 رنز 5 اوورز میں باقی تھے۔یہاں حسن علی نے کوشال پریرا کو محمد وسیم کے ہاتھوں 17 کے انفرادی سکور پر کیچ کرواکر سنسنی پھیلادی۔139 پر 6 وکٹ گرچکے تھے۔عرفان خان نے وقفہ وقفہ سے بائونڈریز لگاکر اپنی ٹیم کی پہلی جیت کی امیدیں روشن رکھیں۔آخری 3 اوورز میں اب صرف 24 رنزباقی تھے۔عرفان خان اور حسان خان نے شاندار بیٹنگ کرکے حیدر آباد کو پہلی فتح دلوادی۔کنگز مین نے ہدف 19.1 اوورز میں 6 وکٹ پر پورا کرکے میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا۔عرفان خان 20 بالز پر 29 رنز اور حسان خان 16 بالز پر 33 رنزکے ساتھ ناقابل شکست لوٹے۔عباس آفریدی نے 30 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔ایڈم زمپا کو 4 اوورز میں 27 رنزکے ساتھ ایک وکٹ ملی۔حسن علی کو 4 اوورز میں 1 وکٹ کیلئے 42 رنز دینے پڑے۔
پی ایس ایل 11 پوائنٹس ٹیبل
پشاور زلمی 5 میچز میں 9 پوائنٹس۔پہلی پوزیشن
ملتان سلطانز،5 میچز میں 8 پوائنٹس،دوسری پوزیشن
اسلام آباد یونائیٹڈ،5 میچز میں 7 پوائنٹس،تیسری پوزیشن
کراچی کنگز،5 میچز میں 6 پوائنٹس۔چوتھی پوزیشن
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 5 میچز میں 4 پوائنٹس۔5 ویں پوزیشن
لاہور قلندرز،5 میچز میں 4 پوائنٹس چھٹی پوزیشن
حیدر آباد کنگز5 میچز میں 2 پوائنٹس،7 ویں پوزیشن
راولپنڈیز،5 میچز میں صفر پوائنٹ۔8 ویں پوزیشن
پی ایس ایل 11 کا اگلا میچ
اتوار۔12 اپریل۔پی ایس ایل 11 کا 21 واں میچ۔اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ حیدر آباد کنگز مین
