ہانگ کانگ 17 جون، 2023،کرک اگین رپورٹ
ایمرجنگ ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں پاکستان ایمرجنگ اور انڈیا اے کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے ایک گیند کرائے بغیر ختم کردینا پڑا۔ اس طرح دونوں ٹیموں نے چار چار پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
دونوں ٹیموں کا یہ دوسرا میچ ہے جو بارش سے متاثر ہوا ہے۔ اس سے قبل پاکستان ایمرجنگ اور ہانگ کانگ کا میچ گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے نہیں ہوسکا تھا جبکہ بھارت اے اور نیپال کا میچ بھی ایک گیند کرائے بغیر ختم کردیا گیا تھا۔
پاکستانی ٹیم نے اس سے قبل نیپال کو 9 رنز سے شکست دی تھی جبکہ انڈیا اے نے ہانگ کانگ کو وکٹوں سے ہرایا تھا۔ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز پیر کے روز کھیلے جائیں گے۔
پہلا سیمی فائنل انڈیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان ایمرجنگ کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔دوسرا سیمی فائنل پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے کھیلا جائے گا۔
بارش اور خراب موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے منتظمین نے سیمی فائنلز میں ریزرو ڈے رکھ دیا ہے۔
پیر کے روز میچ نہ ہونے کی صورت میں یہ منگل کے روز کھیلے جائیں گے۔
فائنل بدھ اکیس جون کو کھیلا جائے گا۔