ڈھاکا ۔کرک اگین رپورٹ ۔ سٹارز کے بغیر پاکستان کو ملک سے باہر بنگلہ دیش میں بھی شکست ۔کرکٹ بریکنگ نیوز یہ ہے کہ
تو پاکستان بنگلہ دیش میں پہلا ٹی 20 میچ ہار گیا ہے ۔تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں اسے میزبان ٹیم نے 7 وکٹوں کی عبرت ناک شکست سے دوچار کیا۔ مہمان ٹیم ٹاس ہاری اسے پہلے بیٹنگ کی دعوت ملی ۔سلمان مرزا کو ٹی 20 انٹرنیشنل کیپ بڑے فخر سے پہنائی گئی ۔فخر زمان نے چوکا تو لگایا لیکن کیچ دے بیٹھے۔ کیچ ڈراپ ہوا اس کا انہوں نے فائدہ اٹھایا لیکن دوسرے اینڈ پر سب ناکام تھے۔
صائم ایوب 6، محمد حارث 4 کپتان سلمان علی آغا 3،حسن نواز صفر، محمد نواز 3 پر گئے تو پاکستان کی پانچ وکٹیں 46 پر گر چکی تھیں۔ چھٹی وکٹ 70 پر جا کے گری ۔فخر زمان 44 رن بنا کر ہمت ہار گئے۔خوش دل شاہ اور عباس آفریدی نے پاکستان کو بڑی ہزیمت سے بچایا اور اسکور کو 103 تک لے گئے ۔ان دونوں کے آؤٹ ہونے کی دیر تھی۔ پاکستان کی آخری تین وکٹیں بنا کسی سکور کا اضافہ کر کے پویلین لوٹیں۔ یہ ٹیم ہیٹ ٹرک یوں تھی کہ اس میں ایک رن آؤٹ تھا ۔یوں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 110 کےبسکور پر آؤٹ کر دیا اور انس کی تین گیندیں ابھی باقی تھیں۔ یہ باہمی مقابلے میں پاکستان کا بنگلہ دیش کے خلاف کسی بھی اننگ میں آل آؤٹ ہونے کا پہلا واقعہ تھا۔خوش دل شاہ نے 17 اور عباس آفریدی نے 22 رنز بنائے۔کہنے کو تو تسکین احمد نے 22 رنز دے کر سب سے زیادہ 3 وکٹیں لیں، لیکن مستفیض الرحمن کو مت بھولیں، جنہوں نے چار اوورز کیے اور صرف 6 رنز دے کے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جواب میں بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز بھی تباہ کن تھا۔ پاکستان کے لیے ڈیبیو کرنے والے سلمان مرزا نے اپنے پہلے اور پھر تیسرے اوور میں اوپنر تنزید حسن کو ایک اور پھر کپتان لٹن داس کو بھی ایک کے سکور پر پویلین بھیج کر سنسنی پھیلادی لیکن پھر کیا ہوا۔
توحید حسین اور پرویز نے چارج سنبھالا اور پاکستانی بالرز کو بے اثر کر دیا۔
توحید جب 36 رنز بنا کر عباس آفریدی کا شکار بنے تو بنگلہ دیش خطرات سے باہر تھا۔80 رنز پر ملنے والی تیسری وکٹ پاکستان کے لیے بے فائدہ تھی۔پرویز حسین نے 50 پلس کی اننگز کھیل کر کام تمام کر دیا۔وہ 56 پر ناٹ آؤٹ رہے ۔
بنگلہ دیش نے ہدف 15.3 اووز میں تین وکٹ پر مکمل کر کے سات وکٹ کی جیت اپنے نام کی اور تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
بابر اعظم ،رضوان اور شاہین جیسے سٹارز کے بغیر ملک سے باہر کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے بعد اب بنگلہ دیش جیسے ملک میں بھی شکست ہوئی ہے۔
کرک اگین نے لکھا تھا کہ لوسکورنگ پچ ہوگی۔125 اوسط سکور بنتا ہے۔اس کے باوجود پاکستان نے یہ ذہن میں رکھ کر بیٹنگ نہیں کی۔
