کراچی،کرک اگین رپورٹ
پاکستان اپنی بادشاہت 47 گھنٹوں بعد 47 رنز سے گنوابیٹھا،افتخارکی کوشش رائیگاں۔ایک رات کی چاندنی،پھر اندھیرا۔پاکستان ایک روزہ کرکٹ میں نمبر ون رینکنگ کا مزا 48 گھنٹے بھی پورے نہ لے سکا۔نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کا 5 واں میچ جیتنے میں ناکامی ہوئی،وائٹ واش کا مزا چکھا نہ جاسکا۔نیشنل بنک اسٹیڈیم کراچی میں گرین کیپس بلیک کیپس کے خلاف 300 رنزکے جواب میں بری طرح ناکام ہوئی،اکیلے افتخاراحمد نے کوششیں کیں جو ناکافی تھیں۔بابرا عظم کے لئے 100 واں ون ڈے ڈبل ڈرائونا خواب بن گیا۔افتخار کے 94 رنز رائیگاں۔پاکستان 47 گھنٹوں بعد 47 رنز سے ہی آئی سی سی نمبر ون پوزیشن گنواگیایریز پاکستان 1-4 سے جیتا جو بے مزہ رہی۔
گزشتہ میچزکے ریکارڈز کو دیکھ کر کہا جاسکتا تھا کہ پاکستان کے لئے 300 کا ہدف بڑا نہیں ،پھر بیٹنگ بھی سیکنڈ ہے۔لیکن یہ کیا شان مسعود نے اننگ ایسے شروع کی کہ جیسے ہارے ہوئے ہیں۔فخرزمان کے بھی ہاتھ بندھے تھے۔شان مسعود 20 بالز پر 7 کرسکے۔بڑا نقصان 100 واں میچ کھیلنے والے بابر اعظم کا تھا جو 1 کرسکے۔محمد رضوان بھی 9 کرسکے۔60 بالز پر صرف 33 کرنے والے فخرزمان جب گئے تو پاکستان کی4 وکٹیں صرف66 پر پویلین تھیں،19 واں اوور جاری تھا،یہاں پر آغا سلمان اور افتخار نے 97 رنزکی شراکت بناکر پاکستان کو میچ میں واپس لاکھڑا کیا۔ایک بار پھر آغا سلمان 57 رنزکرکے گئے۔اس کے برعد وقفہ وقفہ سے وکٹیں گریں۔کسی نے افتخار کا ساتھ نہ دیا۔شاداب خان 14 اور سامہ میر 20 بناگئے۔شاہین آفریدی صفر اور وسیم 6 کرکے گئے۔
شان مسعود کو امام الحق کی بددعا لے ڈوبی،مکی آرتھررجیم بھی فلاپ
پاکستان کی 9 وکٹیں 230 پر پویلین میں تھیں۔حارث رئوف سامنے تھے کیونکہ نان سٹرائیکر اینڈ پر افتخار 74 کے ساتھ کھڑے دیکھ رہے تھے۔پاکستان کو آخری 36 بالز پر 70 رنز درکار تھے۔کوشش جاری تھی کہ حارث رئوف رن آئوٹ ہوگئے۔پاکستان 23 بالز قبل 252 رنزبناکر آئوٹ ہوگیا۔افتخار احمد کے 72 بالز پر بنائے گئے 94 رنز رائیگاں گئے۔کیویز 47 رنز سے جیت گئے۔شپیلی اور رویندرا نے 3،3 وکٹیں لیں۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کیوی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلی بار اس سیریز کی متھ بدلی اور پہلے فیلڈنگ کی بجائے بیٹنگ شروع کی۔ایک موقع پر امکان تھا کہ 320 سے 350 کے درمیان اسکور بنیں گے لیکن آخر میں پاکستانی پیسرز نے کسی نہ کسی طرح کیویز کو 299 اسکور پر ڈھیر کردیا۔ول ینگ ایک بار پھر ناکام ہوئےسنچری بنانے میں اور 87 کرسکے۔کپتان ٹام لیتھم نے 59 رنزبنائے،مارک کمپٹن نے 43 کی اننگ کھیلی۔شاہین آفریدی نے 3 اور حارث و شاداب نے 2،2 وکٹیں لیں۔حارث اور وسیم کو ایک ایک وکٹ ملی۔
اس ناکامی کے ساتھ ہی آسٹریلیا پہلے،بھارت دوسرے اور پاکستان تیسرے نمبر پر گرگیا ہے۔