پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ سٹارز جیت لیا۔فائنل میں بنگلہ دیش اے کو شکست ۔
میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ سٹارز جیت لیا،ٹرافی بھی مل گئی
دوحہ قطر 23 نومبر ۔ پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ سٹارز جیت لیا۔
اتوار کو ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں اس نے بنگلہ دیش اے کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔فائنل ٹائی ہوگیا جس کے بعد فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔
پاکستان نے تیسری مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ اس سے قبل اس نے 2019 اور 2023 میں یہ ٹورنامنٹ جیتا تھا جب یہ ایشیا کپ ایمرجنگ کہلاتا تھا۔پاکستان شاہینز پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی ۔ اس نے گروپ مرحلے میں عمان ۔ انڈیا اے اور متحدہ عرب امارات کوشکست دی اور پھر سیمی فائنل میں سری لنکا اے کو ہرایا۔فائنل میں بنگلہ دیش اے نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو پہلے بیٹنگ دی جو 20 اوورز میں 125 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔جواب میں بنگلہ دیش اے نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر125 رنز سکور کیے۔
پاکستان شاہینز کی اننگز میں سعد مسعود 3 چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 38 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے۔عرفات منہاس نے 4چوکوں کی مدد سے 25 رنز سکور کیے۔ معاذ صداقت نے 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے23 رنز بنائے۔انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 258 رنز سکور کیے ۔کپتان عرفان خان اور غازی غوری 9 ۔ 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔یاسرخان اور محمد فائق کوئی رن نہ بناسکے۔بنگلہ دیش اے کی طرف سے ریپون موندول نے تین اور رقیب الحسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش اے کی اننگز میں حبیب الرحمن 26رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ایس ایم مہروب نے 19 رنز بنائے۔رقیب الحسن نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔عبدالغفار ثقلین 16 اور رپون موندول 11 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔سفیان مقیم نے صرف 11 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں ۔ عرفات منہاس نے 5 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں احمد دانیال نے بھی 2 وکٹیں 11 رنز دے کر حاصل کیں ۔معاذ صداقت اور سعد مسعود نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سپر اوور میں بنگلہ دیش اے احمد دانیال کی بولنگ پر دونوں وکٹیں گنواکر 6 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔
جواب میں پاکستان شاہینز نے 7 رنز کا ہدف 4 گیندوں پر پورا کرلیا۔ سعد مسعود 5اور معاذ صداقت ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔
