ٹرینڈاڈ،کرک اگین رپورٹ۔پاکستان کو حیران کن شکست،ویسٹ انڈیز کی ون ڈے سیریز میں واپسی۔کرکٹ کی بریکنگ نیوز ہے کہ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ڈک ورتھ پر 5 وکٹ سے ہراکر 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے دوسرے میچ میں بارش نے بھی اپنا خوب حصہ ڈالا ۔تین بار کھیل رکا اور اچھا خاصا رکا ۔یوں ڈک ورتھ لوئس پر اوورز کا فیصلہ ہوا اور ہدف کا تعین ہوا ۔
ٹرینڈاڈ میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم دوسرے ون ڈے میچ کا ٹاس ہار گئی اور ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹیم تھوڑا مشکلات کا شکار ہوئی جب 88 رنز تک اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ صائم ایوب 23 رنز بنا سکے، اس کے بعد بابرعظم صفر پر گئے۔ یہ بڑی وکٹ تھی اور پھر عبداللہ شفیق وہ سیٹ کھیل رہے تھے وہ 26 پر آؤٹ ہوئے اور کپتان محمد رضوان صرف 16 رنز بنا سکے ۔سلمان علی آغا بھی 9 رنز کر سکے۔ پاکستان کی چھٹی وکٹ 114 پر گری تھی جس کے بعد جب 33.5 اوورز تک بارش کے سبب کھیل بند ہوا اور پاکستان نے 139 رنز بنائے تھے، 6 کھلاڑی آؤٹ تھے۔ بارش کی وجہ سے کھیل دوسری بار کافی دیر رکا رہا ۔اس کے بعد جب کھیل شروع ہوا تو 40 اوورز فی اننگ تک کر کے پاکستان کو ایک موقع ملا۔ یہاں حسن نواز کو اچھا موقع ملا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 30 بالز پر 36 رنز بنائے اور پاکستان کے سکور کو کافی بہتر کیا۔ 139 سے 171 تک لے گئے۔ پاکستان نے 37 اوورز میں 171 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے 23 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈک ورتھ پر ویسٹ انڈیز کو 35 اوورز میں 181 رنز کا ہدف ملا ۔اس کی شروعات بڑی خراب تھی ۔برینڈن کنگ ایک رن بنا کر اور ایون لیوس 7 رنز بنا کر حسن علی کا شکار ہوئے۔ دونوں بیٹرز وکٹ کیپر رضوان کو کیچ دے گئے۔ پاکستان کو تیسری کامیابی 48 سکور پر ملی ۔کارٹی کی وکٹ کی شکل میں جو 16 رنز بنا کر ابرار احمد کا نشانہ بنے۔ کپتان شائی ہوپ نے اچھی مزاحمت کی لیکن وہ بھی 32 رنز بنا کر آخر کار سٹمپ ہوئے، بولر محمد نواز تھے۔دوسری طرف شرفین شیفرڈ ایک اچھی امید کے ساتھ کھڑے تھے جن کا کیچ ڈراپ کیا ابرار نے۔
پاکستان کو پانچویں کامیابی 107 کے سکور پر ملی، جب خطرناک بیٹسمین شرفین ردر فرڈ 45 رنز بنا کر محمد نواز کی بال پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، یہاں پاکستان تھوڑا حاوی ہوا۔روسٹن چیز نے اننگ کے27 ویں اور صائم ایوب کے چوتھے اوور میں 2 چھکے لگاکر کمال واپسی کی۔اب 48 بالز پر 47 رنزباقی تھے۔پھر 36 بالز پر 33 رنز رہ گئے۔اس دوران حسن علی اور شاہین کے اوورز بھی گزرگئے۔پاکستان کو کامیابی نہ ملی۔پھر 24 بالز پر 19 رنز رہ گئے۔کامیابی نہ ملی۔پھر حسن علی 12 رنز دے گئے۔نتیجہ میں 7 رنز باقی اور 18 گیندیں تھیں۔ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 33.2 اوورز میں پورا کرکے 5 وکٹ کی جیت نام کی اور 3 میچزکی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔یہ جیت ڈک ورتھ لوئس پر تھی۔روسٹن چیز 49 اور گریوز 26 پر ناقابل شکست تھے۔
محمد نواز نے 7 اوورز میں صرف 17 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔ابرار احمد نے 7 اوورز میں 27 رنز دے کر ایک وکٹ لی،حسن علی نے6.2اوورز میں 35 رنز دے کر 2 آئوٹ کئے۔سلمان آغا 3 اوورز میں 33 اور صائم ایوب 4 اوورز میں 33 رنز دے گئے،دونوں ناکام تھے۔شاہین آفریدی نے6 اوورز میں 39 رنز دیئے،ناکام تھے۔
