| | | | |

پاکستان ویمنز نے جنوبی افریقہ کے ِخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

کراچی 3 ستمبر،پی سی بی میڈیا ریلیز

پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی۔ اس نے دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 7 وکٹوں سے جیت لیا۔یاد رہے کہ جمعہ کے روز کھیلا گیا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل پاکستان ویمنز ٹیم نے پانچ وکٹوں سے جیتا تھا۔تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی پیر کے روز کھیلا جائے گا۔

نیشنل بینک سٹیڈیم میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں ندا ڈار نے لگاتار دوسری مرتبہ ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ ویمنز کو پہلے بیٹنگ دی۔میزبان ٹیم نے ام ہانی کو ٹی ٹوئنٹی کیپ دی ۔ پہلے میچ میں شوال ذوالفقار کو ٹی ٹوئنٹی کیپ دی گئی تھی۔جنوبی افریقہ ویمنز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔یاد رہے کہ پہلے میچ میں بھی جنوبی افریقہ نے یہی اسکور بنایا تھا۔

جواب میں پاکستان ویمنزٹیم نے 19 اعشاریہ ایک اوورز میں صرف تین وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔کپتان لورا ووفارٹ اور ٹیزمین برٹس نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو عمدہ اسٹارٹ دیا اور74 رنز کی شراکت قائم کی۔لورا ووفارٹ چھ چوکوں کی مدد سے 41 رنز بناکر نشرہ سندھو کی گیند پر فاطمہ ثنا کے ہاتھوں کیچ ہوئیں۔پہلے میچ میں78 رنز بنانے والی برٹس دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 46 رنز بناکر سعدیہ اقبال کی گیند پر بسمہ معروف کے عمدہ کیچ پر آؤٹ ہوئیں۔ماریزان کیپ نے26 رنز اسکور کیے۔نیدین دی کلیرک نے صرف گیارہ گیندوں پر آؤٹ ہوئے بغیر21 رنز بنائے جس میں چار چوکے شامل تھے۔سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو نے ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان ویمنز کی پہلی وکٹ 23رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب شوال ذوالفقار4 رنز بناکر ملابا کی گیند پر برٹس کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں جس کے بعد بسمہ معروف اور سدرہ امین اسکور کو 91 تک لے گئیں ۔اس موقع پر بسمہ معروف 26گیندوں پر 27 رنز بناکر ملابا کی گیند پر بولڈ ہوگئیں۔سدرہ امین نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے61 رنز کی اننگز کھیلی ۔ یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کا بہترین انفرادی اسکور بھی ہے۔وہ جب آؤٹ ہوئیں تو پاکستان ویمنز کو جیتنے کے لیے 34گیندوں پر49 رنز درکار تھے۔اس مرحلے پر منیبہ علی اور عالیہ ریاض نے پہلے میچ کی طرح پاکستان ویمنز کو جیت سے ہمکنار کردیا۔ان دونوں نے چوتھی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں54 رنز کا اضافہ کیا۔منیبہ علی نے پندرہ گیندوں پر 26 رنز اسکور کیے ۔ ان کی انننگز میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔عالیہ ریاض اٹھارہ گیندوں پر 31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ان کی اننگز میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

مختصر اسکور۔
جنوبی افریقہ ویمنز150 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) ۔ٹیزمین برٹس 46۔ لورا ووفارٹ 41۔ماریزان کیپ 26۔
پاکستان ویمنز156 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ ۔( 19-1 اوورز ) سدرہ امین 61۔عالیہ ریاض 31 ناٹ آؤٹ۔ بسمہ معروف 27۔ منیبہ علی 26 ناٹ آؤٹ ملابا 20 / 2 وکٹ ۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *