لاہور،کرک اگین رپورٹ۔پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز جیت لی۔کرکٹ بریکنگ نیوز یہ ہے کہ لاہور میں کھیلی جارہی 3 میچزکی سیریز کے دوسرے میچ میں اس نے یکطرفہ مقابلہ کے بعد بنگلہ دیش کو 57 رنز سے شکست دے دی۔مہمان ٹیم 202 رنزکے تعاقب میں اچھے آغاز کے باوجود نہ سنبھل سکی اور 19 اوورز میں 144 رنز پر باہر ہوگئی۔آخری کھلاڑی نہ کھیل سکے۔
بنگلہ دیش نے پاکستان کے 201 رنزکے جواب میں اننگ شروع کی تو اوپنرز تنزید حسن اورپرویز حسین نے 3.5 اوورز میں 44 رنز کا اچھا آغازدیا لیکن یہاں حارث رئوف نے پرویز حسین کو حسن علی کے ہاتھوں کیچ کروادیا جو7 بالز پر 8 رنزبناسکے۔2 رنز کے اضافے سے تنزید حسن کی بڑی وکٹ فہیم اشرف نے لی۔ان کا کیچ ابرار احمد نے لیا جو تیز اور مشکل تھا۔وہ19 بالز پر 33 کرگئے۔کپتان لٹن داس 6 رنزبنا کر گئے،اس بار حارث نے حسن علی کا قرض چکایا،کیچ پکڑا۔بائولر حسن علی تھے۔توحید بھی 5 رنزبناکر گئے،جاکر علی بھی پہلی بال پر صفر پر گئے۔دونوں وکٹیں ابرار احمد نے ایل بی ڈبلیو کے ذریعہ حاصل کیں۔شمیم 4 اور رشاد ایک کرکے گئے تو بنگلہ دیش کی7 وکٹیں صرف77 رنزپر گر گئی تھیں اور 10 اوورز پورے ہونے میں ایک بال باقی تھی۔یہاں بڑی ہزیمت سے بچانے کیلئےمہدی حسن مرزا اورتنظیم حسن ثاقب نے ہمت کی اور 13 ویں اوور میں سکور 100 سے اوپر لے گئے۔مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا۔پاکستان کو اگلی کامیابی 110 کے سکور پر اس وقت ملی جب مہدی حسن مرزا فہیم اشرف کا نشانہ بنے،انہوں نے 23 رنزبنائے۔تنظیم حسن نے لاہوریوں کو اچھی انٹرٹینمنٹ دی اور 30 بالز پر ففٹی مکمل کی اور 31 بالز پر50 رنزبناکر صائم ایوب کی بال پر وکٹ کیپر حارث کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔بنگلہ دیش کی 9 ویں وکٹ 144 پر گری۔بنگلہ دیش کی اننگ یہیں ختم ہوئی کیونکہ آخری کھلاڑی شریف الاسلام زخمی ہونے کی وجہ سے کھیلنے نہیں آئے۔پاکستان 57 رنز سے جیت گیا۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4 اوورز میں صرف 19 رنز دے کر3 وکٹیں لیں۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں مسلسل تیسری بار ٹی 20 میچ کی پہلی اننگ میں 201 رنز پر فل سٹاپ لگا۔پاکستان نے بنگلہ دیش کو دوسرےٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں جیت کیلئے 202 رنزکا ہدف دیا۔جمعہ کو لاہور میں جاری سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان ٹیم نے 6 وکٹوں پر 201 رنزبنائے۔اس سے قبل پہلے ٹی 20 میچ میں بھی 201 رنزبنائے تھے اور اس سے بھی قبل 25 مئی کو پی ایس ایل 10 فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہورقلندرز کے خلاف 201 رنزبنائے تھے۔
آج پاکستان کی اننگ کی خاص بات اوپنر صاحبزادہ فرحان کی پہلی ٹی 20 ہاف سنچری تھی،انہوں نے 41 بالز پر شاندار 74 رنزبنائے۔ان کے علاوہ حسن نواز نے26 بالز پر 51 رنزکی ناکاقبل شکست اننگ کھیلی۔،محمد حارث نے 25 بالز پر 41 رنزکئے۔صائم ایوب 4،سلمان علی آغا19 اور شاداب خان 7 رنزبناسکے۔بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے 47 رنز دے کر2 وکٹیں لیں۔تنظیم حسن کو 36 رنزکے عوض 2 وکٹیں ملیں۔