لاہور،کرک اگین رپورٹ
پی سی بی نے 8 رکنی سلیکشن کمیٹی بنادی،کامران اکمل چیئرمین،دلچسپ ممبرز۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک اور سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا ہے۔اس طرح ملک کی یہ سب سے بڑی سلیکشن کمیٹی ہوگی،جس میں دور حاضر کے ان پلیئرزکو جمع کیا گیا ہے جو ماضی قریب میں پی سی بی کی سابقہ کمیٹی یا منیجمنٹ سے نظر انداز ہوئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آٹھ رکنی سلیکشن کمیٹی کا نام دیا ہے جو ریجنل اور ڈسٹرکٹ ٹیموں کے انتخاب کے لیے انڈر 13، انڈر 16 اور انڈر 19 ٹرائلز کرے گی۔سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر/بلے باز کامران اکمل کو چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جب کہ پینل کے دیگر اراکین میں سہیل تنویر، عامر نذیر، تیمور خان، جنید خان، فیصل اطہر، قیصر عباس، ثناء اللہ بلوچ شامل ہیں۔
مکی آرتھر کی آن لائن کوچنگ کا منظر نامہ،ڈائریکٹر ہونگے
ہر سلیکٹر، ریجن/ضلع کے ہیڈ کوچ کے ساتھ، شیڈول کے مطابق ٹرائل کریں گے، جس کا اعلان وقت پر کیا جائے گا۔کامران اکمل نے 268 انٹرنیشنل میچز کھیلے جب کہ سہیل تنویر نے 121 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ عامر نذیر نے 1993 سے 1995 تک چھ ٹیسٹ اور نو ون ڈے کھیلے، جنید خان نے پاکستان کی جانب سے 107 انٹرنیشنل میچز کھیلے، فیصل اطہر نے 2003 میں ایک ون ڈے اور قیصر عباس نے 2000 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کھیلا۔ ثنا اللہ بلوچ اور تیمور خان سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ہیں۔
یہ سب اس لئے دلچسپ ہے کہ صاف لگتا ہے کہ نجم سیٹھی کی ٹیم عوامی اور کرکٹ حلقوں کی قبولیت کیلئے کرکٹرزکا سہارا لے رہی ہے۔