کراچی۔کرک اگین رپورٹ۔پی ایس ایل تاریخ کی سب سے بڑی جیت پشاور زلمی نے حاصل کرلی،بابر اعظم کا جواب بھی آگیا۔کرکٹ بریکنگ نیوز ہے کہ پشاور زلمی کراچی پہنچتے ہی پھل پھول اٹھی۔پی ایس ایل کی 11 سالہ تاریخ میں رنزکے اعتبار سے 159 رنز کی ریکارڈ ساز فتح۔ ایسا لگا اسلام آباد اور پشاور سے بہتر ان کے لیے آب و ہوا کراچی کی ہے۔ 24 گھنٹے کے اندر مسلسل دوسری جیت ۔پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل پر تھرتھلی مچا دی ہے۔کراچی کنگز کو 3 میچز کے بعد ہوم گرائونڈ میں آتے ہی پی ایس ایل 11 میں پہلی شکست ہوگئی ہے۔یوں ایونٹ میں اب ناقابل شکست پشاور زلمی ہی بچی ہے اور یہی نہیں بابر اعظم نے اپنی اوپننگ پوزیشن پر کھیلنے ،سٹرائیک ریٹ کو بہتر رکھنے اور رن ریٹ کو تیز کرنے کا بھرپور جواب دیا ہے اور پشاور زلمی کی ایک جوڑی نے 191 رنز کی بڑی پارٹنرشپ بنا دی۔ کراچی کنگز کو رنز کے انبار کے تلے کر دیا۔ آج ہی سڈنی سے واپسی کرنے والے کپتان ڈیوڈ وارنر نے آتے ہی ٹیم کو جوائن کیا لیکن یہ جوائننگ سڈنی کے واقعے کی طرح ان کے لیے ناخوشگوار ثابت ہوئی۔ اس میچ کا ٹاس کراچی کنگز نے جیتا اور فیلڈنگ کا درست فیصلہ نہیں کیا ۔پچ نے اب تک کے 2 میچز سے مختلف برتاؤ کیا۔پھر پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز شاندار رہا اگرچہ محمد حارث صفر پر گئے لیکن اس کے بعد 16.2 اوورز میں 191 رنز کی بڑی پارٹنر شپ نے سب کچھ ہلا کے رکھ دیا ۔کوشال مینڈس 52 بالز پر 109 رنز بنا کر اؤٹ ہوئے جس میں چار چھکے اور 14 چوکے شامل تھے۔ ان کے فوری بعد مچل پریسول بھی 6 رنز کر گئے لیکن اصل بات یہ ہوئی کہ عبدالصمد نے 12 گیندوں پر 40 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ یہ 333 کا سٹرائیک ریٹ بنتا ہے۔ بابر اعظم نے اپنی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔ 51 بالز پر 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز میں دو چھکے اور 10 چوکے تھے ۔170 سے زائد کا سٹرائیک ریٹ تھا پشاور زلمی نے 20 اوورز میں 3 وکٹ پر 246 رنزبنائے،کراچی میں ریکارڈ سکور تھا۔کراچی کنگز کے لیے دو وکٹیں حاصل کیں عباس آفریدی نے لیکن 55 رنز کی مار پڑی ہے اور ان سے زیادہ مار کھانے والوں میں میر حمزہ بھی تھے، 57 رنز دے گئے۔ کوئی وکٹ نہ ملی ۔خوش دل شاہ نے 37 رنز دے کے ایک وکٹ لی اور ایڈم زمپا کی بھی صحیح تسلی ہوئی چار اوورز میں 51 رنز کھانے کے بعد انہیں لگا ہوگا کہ وہ پاکستانی فضاؤں میں ٹاپ سپنر نہیں ہیں ۔
بابر اعظم نے ٹی 20 کرکٹ میں تیز ترین 12000 رنزکا ریکارڈ اپنے نام کیا،انہوں نے 338 اننگز میں یہ کیا۔سابقہ ریکارڈ کرس گیل کے پاس تھا جو انہوں نے345 اننگز میں کیا تھا۔بابر اعظم اور کوسل مینڈس نے اب ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ شراکت کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا، 2021 میں بابر اعظم اور شرجیل خان کے بنائے گئے پچھلے بہترین 176 کو پیچھے چھوڑ دیا۔
جواب میں کراچی کنگز کو ایسا لگا جیسے رنز کا خوف تھا یا کوئی اور جنون تھا ۔صرف اور صرف صفر کے ساتھ دونوں اوپنرز واپس ہوئے۔ محمد وسیم اور وارنر شکار ہوئے۔اس کے بعد وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی ہی چلی گئیں اور لگا ہی نہیں کہ ٹیم جیتنے کی طرف جا رہی ہے۔ محمد وسیم صفر ، ڈیوڈ وارنر صفر پر گئے ۔سلمان علی آغا پانچ کر سکے۔ سعد بیگ نے 14 کیے۔ اعظم خان جو تھوڑا سیٹ کھیل رہے تھے 25 کر گئے لیکن 27 بالیں بھی وہ کھیل گئے تھے۔ معین علی صرف نو رنز کے مہمان بنے۔
جب 12 اوورز میں 6 وکٹ پر 76 تھا تو اسپائیڈر کیم میں مسئلہ آیا ،جس سے کھیل میں تاخیر ہوئی۔میچ میں تعطل ضرور ہوا لیکن وکٹیں گرنے کا سلسلہ نہ رکا۔کراچی کنگز کی پوری ٹیم 16.1 اوورز میں صرف 87 رنزبناکر آئوٹ ہوگئی۔یوں پشاور زلمی نے 159 رنز کے ریکارڈ بڑے مارجن کی جیت نام کی۔پشاور زلمی کے ناہید رانا کے فیگرز دیکھیں،انہوں نے 4 اوورز میں ایک میڈن کیا۔صرف 7 رنز دے کر3 وکٹیں لیں۔افتخار احمد نے2.1 اوورز میں 9 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔سفیان مقیم نے 3 وکٹ کیلئے 18 رنز دیئے۔
اس سے قبل دن کے پہلے لیکن پی ایس ایل 11 کے 16 ویں میچ میں لاہور قلندرز کو بڑا جھٹکا لگا۔ایک بڑی اور عبرتناک شکست اس کے نصیب میں تھی۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیتا،پہلے بائولنگ کی۔لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن بکھر گئی۔پوری ٹیم18.3 اوورز میں 100 رنز پر ڈھیر ہوئی۔سکندر رضا 25 اور حسیب اللہ خان 19 کے ساتھ نمایاں تھے۔ابھی اس 100 میں یونائیٹڈ کے بائولرز اور فیلڈرز کی مدد تھی کہ 13 رنز ایکسٹراز کے دیئے۔یونائیٹڈ کی بائولنگ کمال تھی۔کرس گرین نے 19 رنز دے کر 3،عماد وسیم اور رچرڈ گلیسن نے 13،13 رنز دے کر 2،2 اور سکندرز رضا نے18 رنز دے کر2 وکٹیں لیں۔
پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل اپ ڈیٹ
ملتان سلطانز 8 پوائنٹس کے ساتھ نمبر ون
پشاور زلمی 7 پوائنٹس کے ساتھ نمبر دو
اسلام آباد 7 پوائنٹس کے ساتھ نمبر تین
کراچی کنگز 6 پوائنٹس کے ساتھ نمبرچار
پی ایس ایل 11 کا اگلا میچ
جمعہ 10 اپریل۔میچ نمبر 18۔راولپنڈیز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز
