راولپنڈی 9 فروری،پی سی بی میڈیا ریلیز
پریذیڈنٹ ٹرافی فائنل،پہلے روز ہی 3 سنچریاں۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ ایس این جی پی ایل نے واپڈا کے خلاف پریذیڈنٹ ٹرافی کے پانچ روزہ فائنل میں اپنی پہلی اننگز کے 80 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 479 رنز بناڈالے۔ اس اننگز کی خاص بات صاحبزادہ فرحان ۔ کامران غلام اور سعود شکیل کی سنچریاں تھیں۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں واپڈا نے ٹاس جیت کر ایس این جی پی ایل کو بیٹنگ دی ۔ واپڈا کو ابتدا ہی میں اسوقت کامیابی مل گئی جب عابد علی بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوگئے لیکن اس کے بعد صاحبزادہ فرحان اور کامران غلام نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 214 رنز بناڈالے۔ صاحبزادہ فرحان نے22 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے161 رنز اسکور کیے۔ کامران غلام نے 101رنز کی اننگز کھیلی جس میں سولہ چوکے شامل تھے۔ایس این جی پی ایل کی پوزیشن تیسری وکٹ کی شراکت میں بننے والے 95 رنز نے مزید مستحکم کردی۔ اس اننگز میں بننے والی تیسری سنچری سعود شکیل کی تھی جنہوں نے صرف 81گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے12 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 123 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
مبصرخان نے 20 گیندوں پر44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں چار چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔
واپڈا کی طرف سے کپتان افتخار احمد اور طاہر حسین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔واپڈا نے اپنی پہلی اننگز شروع نہیں کی ہے تاہم اس کے اسکور میں پانچ رنز درج ہوچکے ہیں ۔یہ پانچ پنالٹی کے رنز ہیں جو ایس این جی پی ایل کی اننگز میں شارٹ رن کی وجہ سے واپڈا کو ملے ہیں۔