کراچی 28 دسمبر، 2023:پی سی بی مٰیڈیا ریلیز
پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے سلسلے میں کھیلے جانے والے میچوں کے پہلے دن کی خاص بات ایس این جی پی ایل کے شاہنواز دھانی کی عمدہ بولنگ تھی جنہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کی۔ غنی گلاس کے سعد نسیم اور کے آر ایل کے عبدالفصیح نے سنچریاں اسکور کیں۔
اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ایس این جی پی ایل نے ٹاس جیت کر اسٹیٹ بینک کو بیٹنگ دی جو 59.1 اوورز کی بیٹنگ میں 170 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمرامین 48 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
شاہنواز دھانی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 40 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں جو ان کے فرسٹ کلاس کریئر کی بہترین بولنگ ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ انہوں نے اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ان کی بولنگ کی خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے رمیز عزیز، محمد عمران اور کاشف بھٹی کو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کرکے ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔
ایس این جی پی ایل نے کھیل کے اختتام پر 48 رنز بنائے تھے اور اس کی 4 وکٹیں گرچکی تھیں جن میں سے تین کو محمد الیاس نے آؤٹ کیا تھا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پی ٹی وی نے ٹاس جیت کر غنی گلاس کو بیٹنگ دی جس نے 80 اوورز میں 319 رنز بنائے اور اس کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ سعد نسیم نے 21 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 150 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد صداقت نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پی ٹی وی کی دو وکٹیں بغیر کسی اسکور کے گرچکی تھیں۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ٹاس جیت کر کے آر ایل کو پہلے بیٹنگ دینے کا فیصلہ کیا۔ کے آر ایل نے مقررہ 80 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 411 رنز بناڈالے۔
عبدالفصیح نے 171گیندوں پر 153 رنز اسکور کیے جس میں 15چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے وقاراحمد کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 116 رنز کا اضافہ کیا۔ وقار احمد نے بارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 60 رنز اسکور کیے۔ شرون سراج نے 64 رنز بنائے جس میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
ہائر ایجوکیشن نے کھیل ختم ہونے تک 41 رنز بنائے تھے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔