لاہور۔کرک اگین رپورٹ۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو قابو کرلیا اور مسلسل شکستوں کے بعد ایونٹ تیسری جیت نام کی۔قذافی سٹیڈیم میں اس نے 185 رنزکا تعاقب نہایت آرام سے پورا کرکے 5 وکٹ کی جیت درج کی۔ملتان سلطانز ایونٹ کے چھٹے میچ میں 5 ویں شکست سے دوچار ہوگئی۔رضوان کی مایوسی دیکھنے لائق تھی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر گرین پچ پرپہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا جو شروع کے 10 حتیٰ کہ 15 اوورز تک درست رہا۔سلطانز ابتدائی 10 اوورز میں صرف 70 رنزبناسکے،3 نقصان بھی اٹھاچکے تھے۔یاسرخن 24 رنزبناکرحارث کی بال پر سکنررضا کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔عثمان خان کی بڑی وکٹ ڈیرل مچل نے لی جو51 کے مجموعی سکور پر 18 کرکے سکندر کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔کرن نے شائی ہوپ کو9 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کیا تو ملتان سلطانز 70 پر تیسرا نقصان اٹھاچکا تھا۔11 ویں اوور کا کھیل شروع تھا۔
یہاں سے رضوان کا ساتھ دینے کامران غلام آئے۔دونوں نے پہلے محتاط اور پھر تیزی سے سکور بڑھانا شروع کیا۔ملتان نے 100 رنز 13 اوورز میں مکمل کئے۔کامران اور رضوان نے آخری اوورز میں لاٹھی چارج کیا۔17.4 اوورز میں ٹیم کے 150 رنزمکمل کردیئے۔چوتھی وکٹ پر 100 رنزکی شراکت 54 بالوں پر مکمل کی۔رضوان کے 50 رنز41 بالز اور کامران کی ففٹی30 بالز پر مکمل ہوئی۔رضوان نے اگلے 26 رنز صرف 7 بالز پر حاصل کئے اور یوں 48 بالز پر 76 کے ساتھ ناقابل شکست لوٹے۔کامران غلام 31 بالز پر 52 کے ساتھ واپس آئے۔دونوں میں 115 رنزکی ناقابل شکست شراکت بنی۔ملتان سلطانز نے 20 اوورز میں 3 وکٹ پر 185 رنزکا ٹوٹل سیٹ کیا۔قلندرز کی جانب سے ٹام کرن نے 24،حارث رئوف نے 46 اور ڈیرل مچل نے 47 رنز دے کر ایک ایک وکٹ لی۔شاہین آفریدی 4 اوورز میں صرف 25 رنز دے کر بناوکٹ کے کچھ بہتر رہے۔
جواب میں لاہور قلندرز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا۔محمد نعیم 6 رنزبناکر گئے تو سب کیلئے قابل بھروسہ فخرزمان22 بالز پر 28 کرکے کیچ ہوئے تو میزبان ٹیم 7 ویں اوور میں 45 پر 2 نقصان اٹھاچکی تھی۔عبداللہ شفیق اور ڈیرل مچل کے ارادے کچھ اور تھے۔انہوں نے کوئی دبائو نہ لیا اور اگلے 5 اوورز میں 48 رنزبناکر 11 اوورز میں سکور 93 تک پہنچادیا۔ملتان سلطانز کو 12 ویں اوور کی دوسری بال پر بریک تھرو ملا،جب34 رنزبنانے والے سیٹ بیٹر عبداللہ شفیق عبید شاہ کی بال پر وکٹ کیپر عثمان خان کے گلوز میں قید ہوگئے۔لاہور94 پر 3 وکٹ گنوا چکاتھا۔عبید شاہ نے اسی اوور کی 5 ویں بال پر سام بلنگز کو لیگ وکٹ پر موجود فیلڈر کے ہاتھوں کیچ کروادیا،وہ کھاتہ بھی نہ کھول سکے،یوں اب 95 پر 4 آئوٹ تھے۔سکندرز رضانے مچل بریسویلکے اوور میں مسلسل 2 چوکے جڑکر دبائوکم کیا۔یوں سکور 13 اوورز میں 4 وکٹ پر 109 رنز ہوگیا تھا۔فتح 42 بالز پر 77 رنزکی دوری پرتھی۔ڈیر مچل اور سکندر رضا بڑی دیوار تھے۔خطرناک جوڑی سلطانز کی پریشانی کیلئے بہت تھے۔14 اوورز میں 4 وکٹ پر 120 رنزکم نہیں تھا۔جوش لٹل اگلے اوور میں 18 رنزکی مارکھاگئے۔نتیجہ میں 15 اوورز میں 138 رنز 4 وکٹ ایک وننگ پوائنٹ تھا۔دونوں میں 24 بالز پر 50 رنز کی شراکت ہوگئی تھی۔دونوں اس کے بعد نہیں رکے۔ہر اوور میں ماردھاڑ کرتے گئے۔17 اوورز میں 4 وکٹ پر 159 سکور اطمینان کی علامت بن گئے۔ڈیرل مچل نے 32 بالز پر ففٹی مکمل کرلی۔آخری 2 اوورز میں 11 رنزکیا مشکل تھے،نتیجہ میں لاہور قلندرز مجب 2 روز دور تھے تو ڈیرل مچل کو عاکف جاوید نے 64 کے انفرادی سکور پر بولڈ کیا،انہوں نے صرف 38 بالیں کھیلیں۔4 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔یوں 5 ویں وکٹ کی شراکت کا خاتمہ 89 رنز کے ساتھ ہوا۔قلندرز نے ہدف ایک اوور قبل 5 وکٹ پر پورا کرکے 5 وکٹ سے جیت حاصل کی۔سکندر رضا 21 بالز پر 40 کے ساتھ ناٹ آئوٹ لوٹے۔ملتان سلطانز کی جانب سےعبید شاہ نے 34 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔حسنین،جوش لٹل اور عاکف جاوید کو ایک ایک وکٹ ملی۔