لاہور۔کرک اگین رپورٹ۔پی ایس ایل 10،ملتان سلطانز بد ترین ریکارڈ بنواتے پلے آف ریس سے باہر،کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل10 میں ملتان سلطانز کے ساتھ اس بار جو ہوا،کون سوچ سکتا تھا۔اب تک اس کے کھیلے گئے 7 میچز میں سے اسے چھٹی شکست ہوئی ہے۔ہوم ایڈوانٹج سے بری طرح محروم چلی آرہی ہے۔آج29 اپریل 2025 کو پی ایس ایل تاریخ میں اپنے کم ترین سکور پر پہلی بار آئوٹ ہوئی اور 10 وکٹ کی بد ترین شکست سے دوچار ہوگئی۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بائولرز کا استعمال کیا۔ملتان سلطانز کے بیٹرز کھیلنا بھل گئے۔20 پر 4 اور37 پر 5 وکٹ گنوانی والی ٹیم43 پر چھٹا نقصان بھی اٹھاچکی تھی۔شروع میں خرم شہزاد بجلی بن کر گرے اور محمد وسیم،فہیم اشرف نے بعد میں صفایا کردیا۔سلطانز کی ٹیم 17 اوورز تک بھی اس لئے کھیل گئی کہ اس کے کپتان محمد رضوان نے 44 بالز پر 44 رنزبنائے۔وہ ناقابل شکست لوٹے۔ان کا ساتھ دینے کیلئے کوئی تیار نہیں تھا۔یاسر خان 5،عثمان خان صفر،کامران غلام 3 اورکوڑتیز کمفر 4 کرسکے۔افتخار احمد6 اور مچل بریسویل صفر پر گئے۔ڈیوڈ ویلی 7 اور اسامہ میر 11 کرگئے۔خرم شہزاد نے 23 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔محمد وسیم نے18 اور فہیم اشرف نے 21 رنز کے عوض 2،2 وکٹیں لیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جب بیٹنگ کیلئے آئے تو سلطانز کے حوصلے بکھرے ہوئے تھے۔باڈی لینگویج فنا تھی۔اوپنرز سعود شکیل اور فن ایلن نے شاندار بیٹنگ کی اور6.5 اوورز میں 90 شراکت بنادکر 10 وکٹ کی تاریخی جیت حاصل کرلی۔۔سعود شکیل42 اور فن ایلن نے 45 ناٹ آئوٹ رنزبنائے۔
پی ایس ایل 10 پوائنٹس ٹیبل
اسلام آباد یونائیٹڈ5 میچز میں 10 پوائنٹس
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 6 میچز میں 8 پوائنٹس
لاہور قلندرز6 میچز میں 6 پوائنٹس
کراچی کنگز 6 میچز میں6 پوائنٹس
پشاور زلمی 6 میچز میں 4 پوائنٹس
ملتان سلطانز7 میچز میں 2 پوائنٹ
پی ایس ایل 10 سے ملتان کی بہت پہلے چھٹی
یہ بات طے ہوگئی ہے،اس لئے کہ باقی ماندہ 3 میچز جیت کر بھی اس کیلئے امکانات ختم ہیں۔گلیڈی ایٹرز کے ساتھ قلندرز اور زلمی ٹاپ پر ہیں۔