راولپنڈی ،کرک اگین رپورٹ۔پی ایس ایل 10،پشاور زلمی کا سفر بھی تمام،لاہور قلندرزپلے آف میں داخل۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ پی ایس ایل 10 میں ملتان سلطانز کے بعد پشاور زلمی کا سفر بھیئ تمام۔راولپنڈی میں کھیلے گئے لیگ کے ڈو آر ڈائی میچ میں زلمی ٹیم قلندرز کا مقابلہ نہ کرسکی اور 150 رنزکے تعاقب میں 123 رنز تک محدود رہی۔یوں قلندرز نے 26رنزکی جیت کے ساتھ پی ایس ایل 10 پلے آف میں قدم رکھے ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز،کراچی کنگز،اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز یہ 4 ٹیمیں پی ایس ایل کے پلے آف میں ہونگی۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ خود کش ثابت ہوا۔بارش کے سبب میچ دیر سے شروع ہوا اور فی اننگ 13 اوورز تک محدود کی گئی،قلندرز نے آتے ہی مار دھاڑ کی اور 4 اوورز سے قبل ففٹی مکمل کی۔54 کے سکور پر محمد نعیم 10 بالز پر 22 کرکے گئے۔فخرزمان نے 36 بالز پر 60 رنزکی اننگ کھیل کر نقشہ بدلا،انہوں نے 3 چھکے اور 7 چوکے لگائے۔کوشال پریرا نے 8 بالز پر 17 اورآصف علی نے 6 بالز پر 18 کرکے سکور مقررہ 13 اوورز میں 8 وکٹ پر 149 تک پہنچادیا،اس میں کوئی شک نہیں کہ زلمی کے بائولرز نے آخری 8 اوورز اچھے کیئے لیکن اس کے فیلڈرز نے آدھے درجن کے قریب کیچز ڈراپ کرکے اپنے لئے کنواں کھود ڈالا۔
علی رضا،احمد دانیال اورڈینیل سمس نے 2،2 وکٹیں لیں۔
جواب میں پشاور زلمی کا آغاز تباہ کن تھا۔20 رنز کے آغاز کے بعد 63 رنز تک 7 وکٹیں گنوادیں۔صائم ایوب،محمد حارث 8،8 اور بابر اعظم 16 رنزبناسکے۔میکس برینٹ صفر پر گئے۔معاذ صداقت 4 تک گئے اورعبد الصمد 17 رنزبناسکے۔احمد دانیال نے 24 رنزکی اننگ کھیلی۔ٹیم 13 اوورز میں 8 وکٹ پر 123 رنزبناسکی۔
لاہور قلندرز کے سلمان مرزا نے 3 اوورز میں 31 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔
پی ایس ایل10میں بارش اور میدان کی درستگی کے بعد میچ کے اوورز کاٹ دیئے گئے اور فی اننگ 13 اوورز تک محدود کی گئی لیکن اننگ کے وقفہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے طویل دورانیہ کا وقت صرف کر کے سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔آئی سی سی اور براڈ کاسٹنگ اصول کےمطابق میچ کا مقررہ وقت میں ختم ہونا ضروری ہوتا ہے۔یہ سلو اوور ریٹ،یہ جرمانے یا ایک وکٹ یا ایک رنزکے فرق سے وقت ختم ہونے پر ٹیسٹ میچز کیوں ڈرا قرار پاتے ہیں،اس لئے کےان کے پیچھے اصول اور ضوابط ہوا کرتے ہیں۔
اتوار کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں پشاورزلمی کے خلاف مقررہ 13 اوورز میں لاہور قلندرز نے 9 وکٹ پر 149 رنزبنائے،یہاں چند منٹ کا وقفہ تھا لیکن طویل وقفہ کردیا گیا۔یہاں تقریب رکھی گئی۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 10۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔چیف آف ائیر سٹاف ظہیر بابر اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی خصوصی شرکت۔لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے میچ میں پاک فضائیہ سے بھرپور یکجہتی کا اظہار۔پاکستان کے شاہینوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور مہارت کو شاندار انداز میں سراہا گیا۔آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔