لاہور۔کرک اگین رپورٹ۔راولپنڈی پنڈیز کو پی ایس ایل 11 میں شکست کی ہیٹ ٹرک ہوگئی۔اس بار جڑواں بھائی اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹھوک مارا۔لاہور میں 7 وکٹ کی باوقار جیت۔اسلام آباد ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر آگیا ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں خراب موسم،گیلے میدان کے باعث ٹاس تاخیر سے ہوا لیکن اوورز کی کٹوتی نہیں ہوئی۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے بڑی آسانی سے میچ نمبر 12 وکٹوں سے جیت لیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر راولپنڈیز کو پہلے کھلایا۔فیصلہ یوں سود مند رہا کہ اس کے کپتان محمد رضوان 2 سمیت یاسر خان بھی 2 کرکے پویلین لوٹ گئے لیکن دونوں نے اننگ کے3.5 اوورز گزارے اور ٹوٹل سکور صرف15 تھا۔ایک اور بڑا نام ڈیرل مچل15 بالز پر 19 کرکے گئے تو ٹوٹل10 اوورز میں 3 وکٹ پر 66 تھا۔سیٹ بیٹر کامران غلام 39 بالز پر 50 کرکے لوٹ گئے۔96 کے سکور پر سام بلنگز 7 تو کرگئے لیکن2 اوورز کے قریب 11 بالز ضائع کرگئے۔اصل کام ڈیان فارسٹر کرگئے۔انہوں نے 19 بالز پر 44 رنز کی مار دھاڑ کی۔4 چھکے اور 2 چوکے لگائے۔اس وجہ سے راولپنڈیز 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 156 رنز کرنے میں کامیاب ہوگئی۔رچرڈ گلیسن نے 21،فہیم اشرف نے 22 اور سلمان ارشاد نے 52 رنز دے کر 2،2 وکٹیں لیں۔
جواب میں اسلام آبادیونائیٹڈ نے5 اوورز میں 58 رنزکے آغاز کے ساتھ پیغام دے دیا کہ میچ ہمارا ہے۔سٹائلش بیٹر سمیر منہاس نے کلاسیکل اننگ کھیلی۔آپ ان کی بیٹنگ کا اندازا اس بات سے لگاسکتے ہیں کہ ان کے ساتھی اوپنر ڈیوون کونوے 11 بالز پر صرف 6 کرکے آئوٹ ہوئے تو یونائیٹڈ کا سکور 58 ہوچکا تھا،سارا سکور ہی منہاس کا تھا۔9 اوورز کے بعد 10 ویں اوور کی پہلی بال پر جب سمیر مہناس آئوٹ ہوئے تو ٹوٹل سکور 92 تھا لیکن اس میں سے سمیر منہاس کا سکور70 تھا جو صرف 36 بالز پر4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے بنایا گیا تھا۔محمد فائق آئوٹ ہونے والے تیسرے و آخری بیٹر تھے جو 19 کرکے گئے۔حیدر علی 26 اور مارک چپمین 24 رنزکے ساتھ ناقابل شکست رہے۔یونائیٹڈ نے157 رنزکا ہدف 14.2 اوورز میں 3 وکٹ پر حاصل کیا۔7 وکٹ کی جیت سے پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن بنالی۔کراچی کنگز بدستور پہلے،لاہور قلندرز تیسرے اور ملتان سلطانز چوتھے نمبر پر ہیں۔
راولپنڈیز کی یہ ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک ہے۔اب تک تمام 3 میچز میں شکست ہوئی ہے اور اس کی ٹیبل پوزیشن 7 ویں ہے۔محمد عامر نے 18 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔رشاد حسین نے36 اورجلات خان نے 38 رنز دے کر ایک ایک وکٹ لی۔
اتوار 5 اپریل کو بھی ایک ہی میچ ہوگا۔پی ایس ایل 11 کا 13 واں میچ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز قذافی سٹیڈیم لاہور میں شام ساڑھے 6 بجے کھیلیں گے۔
