کراچی 3 جنوری ۔ پی سی بی میڈیا ریلیز۔قائد اعظم ٹرافی فائنل،پشاور کم اسکور کے باوجود لیڈ لے گیا۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ پشاور کے نیاز خان اور عامر خان کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں سیالکوٹ کی ٹیم قائداعظم ٹرافی فائنل کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 245 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
اس طرح پشاورکو پہلی اننگز میں13 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ۔دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پشاور نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 5 رنز بنائے تھے۔ معاذ صداقت4 اور صاحبزادہ فرحان ایک رن پر ناٹ آؤٹ تھے۔یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں پانچ روزہ فائنل کے دوسرے دن سیالکوٹ نے8 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی پہلی اننگز شروع کی ۔ اذان اویس جو اس سیزن میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے آئے تھے اس مرتبہ 18 رنز بناکر نیاز خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اس قائداعظم ٹرافی میں اذان اویس ابتک مجموعی طور پر825 رنز بناچکے ہیں۔قائداعظم ٹرافی کے ایک ٹورنامنٹ میں ڈیبیو کرنے والے کسی بیٹر کا سب سے زیادہ 986 رنز کا ریکارڈ محمد ہریرہ کا ہے۔سیالکوٹ کی گرنے والی دوسری وکٹ عاشر محمود کی تھی جنہیں عامر خان نے5 رنز پر آؤٹ کیا۔رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد محمد ہریرہ اور محسن ریاض نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 102 رنز کا اضافہ کیا۔ ہریرہ 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 55 رنز بناکر عامر خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔صرف 6 رنز کے اضافے پر محسن ریاض کی وکٹ بھی گرگئی جو 11 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بناکر نیاز خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
کپتان عماد بٹ10 احسن حفیظ بھٹی 26 افضل منظور11 اور محمد ولید صفر پر آؤٹ ہوئے۔ شاہ زیب بھٹی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے3 چھکوں اور3 چوکوں کی مدد سے 40 رنز اسکور کیے۔نیاز خان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 61 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔اس ٹورنامنٹ میں انہوں نے دوسری مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں اور ابتک وہ 35 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جو موسٰی خان کی38 وکٹوں کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔عامر خان نے 38 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔