ثقلین مشتاق چیمپئنز ون ڈے کپ میں پینتھرز کے مینٹور
لاہور 3 ستمبر 2024پی سی بی میڈیا ریلیز
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کو اس ماہ ہونے والے چیمپیئنز ون ڈے کپ کے لیے پینتھرز کا مینٹور مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 12 سے 29 ستمبر تک فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔
پینتھرز کو ٹریننگ اور پریکٹس کے لیے ملتان میں انضمام الحق کرکٹ اکیڈمی دی گئی ہے۔
اب تک شعیب ملک، مصباح الحق اور وقار یونس کو بالترتیب اسٹالینز، وولوز اور لائنز کا مینٹور مقرر کیا جاچکا ہے۔ سرفراز احمد اپنی ٹیم کے نام اور لوگو کی رونمائی بھی اسی ہفتے کریں گے۔
چیمپئنز ون ڈے کپ میں ملک کے 150 بہترین کرکٹرز شامل ہوں گے۔ یہ 50 اوورز کا ٹورنامنٹ ہوگا اور یہ سنگل لیگ فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ پینتھرز پہلے دن 12 ستمبر کو مصباح الحق کی وولوز کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔
ثقلین مشتاق کو دوسرا کا موجد سمجھا جاتا ہے؛ انہیں ون ڈے انٹرنیشنل میں ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ 69 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے انہوں نے اپنا ہی 65 وکٹوں کا عالمی ریکارڈ بہتر بنایا تھا۔
ثقلین مثتاق نے 1999 میں بھارت کے خلاف چنئی اور دہلی ٹیسٹ میں لگاتار دو مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ 1999 کے عالمی کپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے واحد پاکستانی بولر بن گئے۔ یہ ان کی دوسری ون ڈے ہیٹ ٹرک تھی۔
وہ 2000 میں وزڈن کرکٹرز آف دی ایئر میں بھی شامل تھے۔
ثقلین مشتاق نے تین ورلڈ کپ اور دو چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ وہ ٹاپ کرکٹ کھیلنے والے ممالک بشمول پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی کوچنگ کر چکے ہیں۔
ثقلین مشتاق کا مینٹور بنائے جانے پر کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریاں چیمپئنز ون ڈے کپ سے شروع ہو رہی ہیں اور میں پینتھرز کے مینٹور کے طور پر کلیدی کردار ادا کرنے پر بہت خوش ہوں، ایک ایسی ٹیم جس میں بہترین ٹیلنٹ موجود ہے میرا مقصد واضح ہے کہ ان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بلند کرنا اور انہیں زیادہ سے زیادہ آگے بڑھانا تاکہ ہم چیمپئنز ٹرافی میں اپنے اعزاز کا دفاع کر سکیں۔
چیمپیئنز ون ڈے کپ محض ایک ٹورنامنٹ نہیں ہے بلکہ یہ نوجوان ٹیلنٹ کے لیے ایک اہم قدم ہے اور پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
مجھے یقین ہے کہ یہ راستہ بہترین ٹیلنٹ کی پرورش کرے گا جو پاکستان کرکٹ بورڈ کو تمام فارمیٹس میں مضبوط، مسابقتی ٹیمیں بنانے کے قابل بنائے گا۔میں چاہوں گا کہ کھلاڑی شائقین اور تمام اسٹیک ہولڈرز چیمپئنز ون ڈے کپ کی مکمل حمایت کریں ہم مل کر پاکستان کرکٹ کے روشن اور مضبوط مستقبل کی مضبوط بنیاد رکھ کر اس کی کامیابی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔
پینتھرز کے میچوں کا شیڈول (دن کا میچ صبح 9.30 بجے شروع ہوگا، ڈے نائٹ میچز دوپہر 3 بجے شروع ہوں گے)
12 ستمبر۔ پینتھرز بمقابلہ وولوز۔ ڈے نائٹ۔
14 ستمبر ۔ پینتھرز بمقابلہ ڈولفنز۔ ڈے نائٹ۔
16ستمبر۔ پینتھرز بمقابلہ لائنز۔ ڈے میچ۔
21 ستمبر ۔ پینتھرز بمقابلہ اسٹالینز ڈے نائٹ۔