چیلمسفرڈ،کرک اگین رپورٹ
Image by ESPN Cricinfo
سنسنی خیزی مہنگی پڑگئی،آئرلینڈ بنگلہ دیش ون ڈے کا ڈرامائی اختتام۔کرکٹ بریکنگ نیوز بنتے بنتے رہ گئی۔وجہ یہ ہے کہ کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ آئرلینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف ایک جیتا ہوا میچ ہاردیا۔3 میچزکی سیریز 1-1 سے برابری پر ختم کرنے کا موقع گنوادیا۔ایک ایسے وقت پر کہ جب اسے جیت کے لئے آخری 12 اوورز میں 72 سے کم رنز درکار تھے اور 6 وکٹیں باقی تھیں۔کام نہیں ہوسکا۔دونوں اننگز میں دونوں ٹیموں کی آخری آدھی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔بنگلہ دیش نے 4 رنز سے سنسنی خیز جیت نام کی اور سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔
بنگلہ دیش نے 3 میچز کی سیریز کے تیسرے و آخری میچ میں پہلے بیٹنگ کی۔اس کی ٹیم اپنے سے کمزور سٹیٹس والی سائیڈ کے خلاف 50 اوورز پورے نہ کرسکی اور 7 بالیں قبل274 رنزبناکر آئوٹ ہوگئی۔186 پر آدھی ٹیم باہر تھی لیکن مشفیق الرحیم کے 45 اور مہدی حسن مرزا کے 37 رنزکی بدولت اسکور 5 وکٹ پر 261 ہوگیا،یہاں آئرش ٹیم نے آخری 5 وکٹیں 13 رنزکے اندر اڑاکر مہمان ٹیم کو 274 تک محدود کیا۔پہلے بلے بازوں میں کپتان تمیم اقبال 69 رنزکرکے نمایاں رہے تھے۔آئرلینڈ کی جانب سے مارک اڈائیر نے 40 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔
جواب میں آئرش ٹیم ایک موقع پر 1 وکٹ پر 126 رنزکرچکی تھی۔دوسرے موقع پر 3 وکٹ پر 225 اسکور تھا۔10 اوورسے کم میں جیت کے لئے 50 رنز درکار تھے کہ یہاں سے ان کی بھی لائن لگ گئی۔پال سٹرلنگ 60،کپتان اینڈی بلبرائن 53،ہیری ٹیکٹر 45 اورلورکن ٹکر 50 رنزبناکر گئے تو لوئر مڈل آرڈر دبائو میں آگئی۔بنگلہ دیشی بائولرز نے 17 رنز میں 4 وکٹیں اڑاکر بیک فٹ پر کردیا۔پھر بھی باقی بیٹرز اسکور کو 265 رنز 7 وکٹ تک لے گئے،یہاں آئرلینڈ کو جیت کے لئے 6 بالز پر 10 رنز درکار تھے کہ 266 اور 266 پر 8 ویں اور 9 ویں وکٹ گرگئی۔آخری بال پر چھکا مشکل ہوگیا تھا۔نتیجہ میں اننگ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 270 پر تمام ہوئی۔یوں بنگلہ دیش سخت مقابلہ کے بعد 4 رنز سے جیت گیا۔
بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان نے44 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔ٹائیگرز نے 3 میچزکی ون ڈے سیریز 0-2 سے جیت لی۔ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔