ملتان کرکٹ اسٹیڈیم سے عمران عثمانی
شاہین اور شاداب شادی میں الجھے رہیں،2 سرپرائز تیار،ایک راز بھی ساتھ،مشتاق احمد۔ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ سپن کوچ مشتاق احمد جب ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں داخل ہوئے تو نہایت خوشگوار موڈ میں تھے۔میڈیا سے انہوں نے کھل کر بات کی اور اسی موڈ میں کہا ہے کہ آج کل کرکٹرزکی شادی ہورہی ہے۔شادی والے کرکٹرز شاہین آفریدی اور شاداب خان کی توجہ نادھر ہی ہوگی،ہم اس کا فائدہ اٹھائیں گے۔انہوں نے یہ بات اس سوال کے جواب میں کہی ہے کہ ملتان سلطانز کا پہلا ہی میچ لاہور قلندرز سے ہے جہاں شاہین کا مقابلہ ہوگا۔انہوں نے ہنستے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی شادی پر متوجہ ہونگے۔
ایک اور سوال کے جواب میں مشتاق احمد نے کہا ہے کہ پی ایس ایل سے ہم اسپنرز بھی دیں گے۔یہ بات میرے ذہن میں ہے کہ میں اس پر 2 سے 3 اسپنرز پالش کرنا چاہتا ہوں جو پاکستان کرکٹ کے لئے لازم وملزوم بن جائیں۔اس سے پہلے شاداب خان وغیرہ بھی اسی لیگ سے آئے۔ہم اس پر کام کررہے ہیں۔ہمارے پاس 2 ایسے کارڈ موجود ہیں جو عین وقت پر شو کریں گے۔دوسری ٹیموں کے لئے سرپرائز ہوگا۔مشتاق احمد نے اس سے اتفاق کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں گزرے عشرے میں ایک ریگولر اسپنر نہیں ہے جس کی لمبی کرکٹ ہو اور جو ڈیبیو کے بعد ٹیم کے لئے ایسا ہی ہوجائے جیسے مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق ہوگئے تھے۔انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ اس کی کمی ہے لیکن درخت ایک رات میں تیار نہیں ہوجاتا،اس کی دیکھ بال،اس کو پانی دیا جاتا ہے اور پھر اسے تیار کرکے اس کے لئے بہت محنت کرنی ہوتی ہے اور وہ محنت جاری ہے۔ملتانکے اسکواڈ میں اسامہ میر اور عرفات منہاس ہیں،ان کی تیاری ہوگی۔
شاداب کا ولیمہ،حسن علی کا اپنی اہلیہ سے بڑھ کر پیار،بزرگ بن گئے
مشتاق احمد نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ایک وقت تھا کہ ملتان ڈویژن سے قومی کرکٹ ٹیم میں متعدد پلیئرز تھے،میں بھی ان میں شامل ہوں،اب پی ایس ایل کے میچزیہاں سے ہورہے ہیں۔اس سے لوکل پلیئرز کو فائدہ ہوگا اور وہ ریڈار پر چمکیں گے اور قومی کرکٹ کے دروازے تک پہنچیں گے۔پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کا ملتان میں ہونا ایک بڑا اقدام ہے اور خوش آئند ہے،اس سے بہت فائدہ ہوگا،اس آئیڈیے پر میں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ اینڈ سپن کوچ مشتاق احمد کہتے ہیں کہ وکٹ کے بارے میں ابھی نہیں بتائوں گا،سارے راز نہیں دے سکتا،ایک روز پہلےبات ہوگی۔
پاکستان سپر لیگ 8 کی افتتاحی تقریب کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں زوروشور سے کام ہورہا ہے۔13 فروری بروز پیر کو رنگا رنگ تقریب ہوگی اور اسی شام ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کا میچ ہوگا۔