انٹیگا،کرک اگین رپورٹ
ٹی 20 ورلڈکپ 2024،کیچز ڈراپ میں آسٹریلیا کا عالمی ریکارڈ،سکاٹ لینڈآخری لمحات میں ہارگیا،انگلینڈ کا سپر 8 ٹکٹ کنفرم۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ سکاٹ لینڈ تاریخ رقم کرتے رہ گیا۔آاسٹریلیا کے خلاف میچ کے40 اوورز میں سے 33 اوورز میں بھاری رہا اور انگلینڈ پر تو بھاری پتھر بن کر وزن ڈالتا گیا لیکن آخری 7 اوورز میں آسٹریلیا نے پلٹ کر سکاٹ لینڈ کی عوام کے دل توڑدیئے اور انگلینڈ والوں کیلئےراحت فراہم کردی جو آسٹریلیا کی جیت سے آئی سی سی ورلڈ ٹی20 کپ 2024 کے سپر 8 میں پہنچ گیا ہے۔
انٹیگامیں سکاٹ لینڈ کی اننگز کے دوران آسٹریلیا نے کیچز چھوڑنے کی ہیٹ ٹرک کرڈالی ،یہی نہیں بلکہ کل ملاکر 6 کیچز ڈراپ کئے،اس موقع پر انگلینڈ کا یقین ہو گیا کہ آسٹریلیا جان بوجھ کر ہاررہا ہے ۔6 کیچزکا ڈراپ ہونا کسی بھی انٹرنیشنل ٹی 20 کے ایک میچ کا ورلڈ ریکارڈ ہے،اسی وجہ سے سکاٹ لینڈ نے پہلے کھیل کر 5 وکٹ پر 180 رنزبنالئے۔برینڈن میک ملن نے 60 رنز بنائے۔
جواب میں جب ڈیوڈ وارنر،مچل مارش اورگلین میکسویل جیسے 3 کھلاڑی 60 کے مجموعی اسکور تک پویلین لوٹے تو انگلش کیمپ میں اندھیرا تھا،سکاٹش کیمپ میں روشنی تھی اور آسٹریلین کیمپ میں سناٹا تھا لیکن اوپننگ پوزیشن پر موجود ٹریوس ہیڈ اور مارکس سٹوئنز جمع ہوئے۔13 اوورز میں آسٹریلیا 95 رنز پر تھا۔آخری 7 اوورز میں 13 سے زائدکی اوسط سے86 رنزبنانا تھا،یہاں سے مارکس سٹوئنز نے لاٹھی چارج کیا اور 29 بالز پر 59 رنزکرکے کام آسان کیا،بعد میں ٹم ڈیوڈ نے 14 بالز پر 24 رنزبناکر کام مکمل کردیا۔ٹریوس ہیڈ 68 رنزبناکر آدھے سے زیادہ حصہ اپنے نام کرگئے تھے۔آسٹریلیا نے 5 وکٹ پر 186 رنززبناکر 2 بالیں قبل میچ 5 وکٹ سے جیت لیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈکی مدد ہوگئی۔آسٹریلیا کی فتح نے انگلینڈ کا راستہ صاف کردیا اور آسٹریلیا کے ساتھ انگلینڈ ٹی 20 ورلڈکپ سپر 8 میں پہنچ گیا۔سکاٹ لینڈ کے انگلینڈ کے برابر 5 پوائنٹس رہے لیکن وہ نیٹ رن ریٹ میں مار کھاگیا۔
گروپ اے سے بھارت ،امریکا،گروپ بی سے آسٹریلیا،انگلینڈ،گروپ سی سے ویسٹ انڈیز،افغانستان اور گروپ ڈی سے جنوبی افریقا سپر 8 میں پہنچ چکے،گروپ ڈی کی دوسری اور سپر 8 کی آخری ٹیم کا فیصلہ اگلے 24 گھنٹوں میں ہوگا،بنگلہ دیش تگڑا امیدوار ہے۔