ممبئی۔کرک اگین رپورٹ۔ٹی 20 ورلڈکپ 2026،انگلینڈ زبردست فائٹ کے بعد باہر،بھارت فائنل میں۔کرکٹ بریکنگ نیوز ہے کہ انگلینڈ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2026 سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف زبردست مقابلے کے بعد 7 رنز سے ہارکر فائنل سے باہر ہوگیا۔میزبان بھارت نے ممبئی میں 250 پلس سکور کرکے بھی بڑی مشکل سے رنزکی جیت نام کی اور مسلسل دوسری جبکہ اوور آل چوتھی بار فائنل میں جگہ بنائی۔یہ بڑا سیمی فائنل تھا جہاں 500 سے زائد سکور بنے۔2 سنچریاں دیکھنے کو ملیں۔انگلش ٹیم کی فائٹنگ لمبے وقت تک یاد رکھی جائے گی۔انگلش بیٹرز اننگ کے 18 اویں اور 19 ویں اوور میں صرف 15 رنزبناسکے ،یہاں سے فرق پڑا اور صرف 7 رنزکی شکست ہوئی۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2026 کے دوسرے بڑے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا انتخاب کیا۔بھارت کے سنجو سامسن ایک بار پھر مرد میدان بنے۔انہوں نے صرف42 بالز پر 89 رنزکی شاندار اننگ کھیلی۔7 چھکے اور 8 چوکے تھے۔ابھیشک شرما 9 اور ایشا کشن 39 کرگئے۔شیوم دوبے نے25 بالز پر 43 رنزکئے۔سوریا کمار یادیو ایک بار پھر 11 تک رہے۔ہاردک پانڈیا نے 12 بالز پر 27 اورتلک ورما نے صرف 7 بالز پر 21 کرکے بھارتی ٹوٹل 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 253 رنز کردیا۔بھارت نے اپنی اننگ میں 19 چھکے لگائے۔ول جیکس نے 40 اور عادل رشید نے 41 رنز دے کر 2،2 وکٹیں لیں۔جوفرا آرچر کو 4 اوورز میں 61 اور سام کرن کو 53 رنزکی مار پڑی۔
جواب میں انگلش ٹیم ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باوجود فائٹ کرتی نظر آئی۔فل سالٹ 5 اور ہیری بروک 7 کرسکے۔ٹام بونٹن بھی 17 تک رہے لیکن جیکب بیتھل نے امیدیں روشن رکھیں اور تیز بیٹنگ کرکے بھارت کے خلاف میچ زندہ رکھا۔انگلینڈ نے 14 اوورز کی آخری بال پر جب ول جیکس کو کھویا جو35 کرسکے تھے،اس وقت اس کا سکور5 وکٹ پر 172 تھا۔جیکب بیتھل نے شاندار سنچری کی۔آخری 3 اوورز میں درکار 45 رنز انگلینڈ کیلئے مشکل ہوگئےپہلے سام کرن 18 کرکے گئے اور پھر آخری اوور میں جیکب بیتھل48 بالز پر 105 کرکے رن آئوٹ ہوگئے۔7 چھکے اور 8 چوکے لگائے۔انگلش ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 247 رنزبناکر صرف 7 سکور سے یہ سیمی فائنل ہارگئی۔
بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے 38 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔فائنل اتوار 8 مارچ کو احمد آباد میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔
