لاہور،کرک اگین رپورٹ
انضمام الحق اور پی سی بی میں لڑائی بڑھ گئی،معاملہ دھمکیوں تک جا پہنچا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مستعفی چیف سلیکٹر انضمام الحق اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) آمنے سامنے آگئے ہیں،سخت بیان بازی اور سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کھل کر پی سی بی کے خلاف میدان میں آگئے ہیں۔انہوں نے موجودہ چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے بطور چیئرمین میری چیف سلیکٹر کے طور پر توہین کی اور بے عزتی کی ہے۔میں اپنے استعفے کے بعد تحقیقات کامنتظر ہوں لیکن مجھے نہیں بلایا جارہا۔ایشیا کپ شکست پر چیئرمین نے کہا کہ ٹیم سلیکشن پر سابق کرکٹرز کی رائے لوں گا،سب کو بلابھی لیا،میں نے کہا کہ چیف سلیکٹر میں ہوں،اب سابق کرکٹرز فیصلے کریں گے کہ کون درست سلیکٹ ہوا یا غلط۔
چیف سلیکٹر بننےسے قبل چیئرمین سےکہا تھا کہ اسی وجہ سے 5 سٹنٹ ڈل چکے،گنجائش نہیں ہے،انضمام الحق
صاف لگتا ہے کہ انضمام الحق نے اب کھل کرپی سی بی کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ چیئرمین اپنی غلطیاں دوسروں پر ڈالتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ میں توسیع لے لوں۔
نجی ٹی وی کے مطابق انضمام الحق کے انٹریوز پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کا سخت رد عمل آیا ہے ۔کہا گیا ہے کہ انضمام الحق بڑے کرکٹر ہیں۔پی سی بی ان کی عزت کرتا ہے لیکن توسیع کے حوالہ سے تبصرہ غلط ہے۔ساتھ ہی انضمام الحق کو بطور دھمکی یہ یاد کروایا گیا ہے کہ وہ کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ان کا استعفیٰ منظور نہیں ہوا۔اگر ہوبھی گیا ہوتا تو وہ 6 ماہ تک بولنے کے مجاز نہیں تھے،وہ توہین کنٹریکٹ کررہے ہیں۔مفادات کے ٹکرائو کے کیس پر تحقیقات جاری ہیں،جب مکمل ہونگی تو انضمام الحق کو بلالیا جائے گا۔